Jharkhand

ہزاری باغ میں بس پلٹ گئی؛ 7 ہلاک

64views

25 سے زائد زخمی، 12 کی حالت سنگین؛ کولکاتا سے پٹنہ جارہی تھی بس

جدید بھارت نیوز سروس
ہزاری باغ، 21 نومبر:۔ جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع کے برکٹھا بلاک کے گورہر میں آج صبح کولکاتا سے پٹنہ جا رہی ایک مسافر بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ اس حادثے میں سات مسافروں کی موت ہو گئی، جب کہ 25 سے زیادہ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ ایس پی اروند کمار سنگھ نے اب تک اس حادثے میں سات افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سڑک کی تعمیر کے دوران مینوفیکچرنگ کمپنی نے سڑک کو کاٹ کر چھوڑ دیا ہے، جس کی وجہ سے بس بے قابو ہو کر گڑھے میں الٹ گئی۔ چیخ و پکار سن کر آس پاس کے گاوں والے پہنچے اور تھانہ گورہر کی پولیس کی مدد سے زخمیوں کو باہر نکالا۔ مرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد خواتین کی بتائی جاتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وشال کمپنی کی یہ بس (ڈبلیو بی 76اے 1548) کولکاتا سے پٹنہ جا رہی تھی۔ منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی اجیت کمار ومل، گورہر تھانہ انچارج، برکٹھا تھانہ انچارج اپنی فورسز کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ اس کے بعد راحت اور بچاؤ کا کام تیز کر دیا گیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جا کر ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.