National

فرقہ پرستی کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہر ہندوستانی کا فرض:

30views

آل انڈیا قومی تنظیم کے پروگرام میں سنجے سنگھ کا خطاب

نئی دہلی، 8اکتوبر (یو این آئی) ملک کے موجودہ حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) سنجے سنگھ نے کہا کہ ملک میں فرقہ پرستی عروج پر ہے اور ہر معاملے کو ہندو مسلم رنگ دے دیا جاتا ہے اور اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہرہندوستانی کا فرض ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ دنوں آل انڈیا قومی تنظیم کی جانب سے’موجودہ حالت میں ہماری ذمہ داریاں‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے موجودہ حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان میں ہندو مسلم کی بات کرتے ہیں تو فرقہ پرستوں کو بہت مزہ آتا ہے کیوں کہ اس سے ان کی سیاست کی دکان چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)صرف ہندو مسلم کرکے عوامی مسائل سے بچنا چاہتی ہے، یہ نہیں چاہتی کہ کوئی تعلیم، روزگار، صحت، اقتصادیات، سماج کے ٹوٹتے بکھرتے تانے بانے اور ملک کے موجودہ حالات پر کوئی بات کرے۔اس سے ان کی سیاسی دوکان بند ہوسکتی ہے۔انہوں نے ملک میں کمزور طبقوں اور مسلمانوں پر ہونے والی زیاتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ معاملہ صر ف مسلمانوں کے ساتھ زیادتی کا نہیں ہے بلکہ دلتوں، کمزور او رمحروم طبقوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہورہی ہے۔ انہوں اس طرح کے پروگرام کو ملک کے موجودہ حالات میں ضروری قرار دیا۔آل انڈیا قومی تنظیم کے صدر، سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ طارق انور نے صدارتی خطاب میں قومی تنظیم کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہاکہ1982میں قائم کر دہ آل انڈیا قومی تنظیم(اے آئی کیو ٹی) اقلیتوں اور کمزور طبقہ کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرتی رہی ہے اور اس تنظیم نے دبے کچلے کے حقوق کے لئے لڑنے میں کبھی امتیازی رویہ نہیں برتا اور پسماندہ طبقات کے ساتھ ہونے والے ظلام کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہے۔انہوں نے ملک کے موجود ہ حالات میں لڑنے کا عہد کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی قوم پر کوئی مصیبت آئی ہے قومی تنظیم نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے تمام طبقوں سے متحد ہوکر لڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دور میں تعلیم یافتہ یعنی ذی شعور افراد کی ذمہ داری کافی اہم ہے۔ انہوں نے میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا بھی اپنی ذمہ داری سمجھے۔سماجوادی پارٹی سے راجیہ سبھا کے رکن جاوید علی نے تمالوگوں پر پوری ایمانداری اور پوری قوت کے ساتھ ہر ظلم کے خلاف لڑنے کی اپیل کرتے ہوے کہاکہ سب کو ساتھ مل کر آوازاٹھا نے کی ضرورت ہے۔ جب یہ کام کریں گے تو تبھی حالات بدلیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ماضی میں جب اقلیتوں کے ساتھ کچھ معاملہ ہو تاتھا تو بڑی تعداد میں اکثریتی طبقہ کھڑا ہوتا تھا، مگر آج وہ تعداد کافی کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے ماحول میں وطن عزیز کی ایکتااور مضبوطی کو بچانا اشد ضروری ہے۔ڈی یو کے پروفیسررتن لعل نے تعلیمی صورت حال اور اس کے گرتے معیار پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آج کم پڑھے لکھے لوگ بھی پرنسپل، وائس چانسلر اور پروفیسر بن رہے ہیں، جبکہ یہ لوگ آرٹیکل بھی نہیں لکھ سکتے ہیں، یہیوجہ سے ان کی کتابیں گوگل پر موجود نہیں ہیں، جبکہ یہ صرف خاص نظریہ کے ہی لوگ ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تمام آئینی اداروں پرمخصوصی طبقے کے نظریہ کے لوگوں کا قبضہ ہو تا جا رہا ہے، جن سے آزاد کرانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔سینئر صحافی ولیڈرآسوتوش نے آئینی بحران کی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالت میں آئین کو بچا نے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے، کیو نکہ آئین و جمہوریت کے بچنے سے ہی تمام اقوام ہی نہیں بلکہ ملک بچے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج محض باباصاحب کے بنائے ہوئے جمہوری نظام اور دستور کو بچا نے کی لڑائی ہے، جس میں سبھی مذاہب کے لوگوں کو آگے آنا چاہئے،کسی ایک کے قوم یا طبقے کی نمائندگی کافی نہیں ہے۔بار کو نسل آف انڈیاکے سابق چیئر مین کے سی متل نے موجودہ عدالتی رویہ پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج بار ایسو سی ایشن کھوکھلی ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کے نفرتی و تشدد کے دور میں انڈیا بلاک کے نمائندوں کو اپنی اہم ذمہ داری انجام دینے کی ضرورت ہے، کیو نکہ آج بی جے پی اقتدار میں بیٹھ کر قانون میں ردود بد ل کر کے آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں اور ملک کو کھوکھلا کررہے ہیں، جبکہ ہم کہہ دینا چاہتے ہیں کہ یہ ملک گاندھی اور نہرو کا ملک ہے، جو کبھی بھی ہندو راشٹر نہیں بن سکتا ہے۔آل انڈیا قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری محمد ہدایت اللہ جینٹل نے مہمانوں کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ قومی تنظیم ملکی و ملی مسائل کے حل میں اہم رول ادا کرے گی۔پروگرام سے بزرگ انسا نی حقوق کارکنا ڈاکٹر جان دیا ل، سکھ گرودوارہ پر بندھک کمیٹی کے سابق کن سریندر سنگھ کوہلی،یوگا مایا جی ودیگر نے بھی اظہا رخیال کیا۔قبل ازیں قومی تنظیم دہلی کے صدر ڈاکٹر محمد پرویز میاں نے تمام شرکا استقبال کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف کرایا۔پروگرام کوے دیگر شرکاء میں یو نائیڈ مسلم فرنٹ کے چیئرمین شاہد علی ایڈوکیٹ، آئی آئی سی سی کے تاحیات ممبر حاجی محمد شمیم احمد(سوت والے)، شیخ محمد عمران عالم ایڈوکیٹ،ڈاکٹر مظفر حسین غزالی،شفیع دہلوی، اسعد میاں،قومی تنظیم یو پی کے صدر طالب علی،شمس الضحی،محمد جمال، ایم ٹی انصاری، امد اد اللہ جوہر ودیگر شامل تھے۔ نظامت کے فرائض شمس تبریز قاسمی نے انجام دئے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.