
وزیر صحت نے300 بائیک ایمبولینس، مفت ادویات، الٹراساؤنڈ اور روبوٹک سرجری شروع کرنے کا اعلان کیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 20 مارچ:۔جھارکھنڈ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج 14 واں دن ہے۔ محکمہ جاتی گرانٹ بجٹ پر آج بجٹ اجلاس کے دوران بحث کی گئی۔ ایوان میں بحث کے دوران حکومت جواب دے گی اور ووٹنگ ہوگی۔ ایوان کی کارروائی وقفہ سوالات سے شروع ہوئی۔ جہاں اراکین اسمبلی نے اپنے سوالات ایوان کی میز پر رکھے۔ جس کے بعد متعلقہ محکمے کے وزیر نے جواب دیا۔ وزارت صحت کے لیے گرانٹ پر بحث کے دوران وزیر صحت عرفان انصاری نے بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین جھارکھنڈ کے’ رام‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیمنت سورین شاہ رخ خان کی طرح چمکتے ہیں کیونکہ وہ اندر سے صاف ہیں۔ عرفان انصاری نے جھارکھنڈ کے لوگوں کے لیے کئی بڑے اعلانات بھی کیے ہیں۔ جمعرات کو محکمہ صحت کی جانب سے 74 ارب 70 کروڑ 50 لاکھ 86 ہزار روپے کی گرانٹ کا مطالبہ ایوان میں صوتی ووٹ سے منظور کرلیا گیا۔
300 بائیک ایمبولینس، آئی چیک اپ، نرسنگ کالج سمیت کئی اعلانات
وزیر صحت داکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ ریاست کے عوام کو 300 بائیک ایمبولینسیں ملیں گی۔ آنکھوں کے ٹیسٹ تمام ہسپتالوں میں کرائے جائیں گے۔ نرسنگ کالج دمکا، کوڈرما، چائباسہ میں کھولے جائیں گے۔ سہیا بہنوں کو ایک ماہ کے اندر 42 ہزار ٹیب دیے جائیں گے۔
مفت ادویات، ٹیسٹ، الٹراساؤنڈ اور روبوٹک سرجری
عرفان انصاری نے کہا کہ جھارکھنڈ کے لوگوں کو مفت دوا ملے گی۔ ٹیسٹ 10 روپے میں کیا جائے گا۔ حاملہ خواتین کو مفت الٹراساؤنڈ کروایا جائے گا۔ محکمہ صحت جھارکھنڈ میں اے آئی ٹیکنالوجی کو اپنائے گا، آپریشن میں روبوٹک سرجری ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
25 ہیلتھ کاٹیج، 1258 نئے ہیلتھ سب سینٹر اور میڈیکو سٹی
عرفان انصاری نے کہا کہ ریاست کے دیہی علاقوں میں 25 ہیلتھ کاٹیج بنائے جائیں گے، دور دراز قبائلی علاقوں میں ہیلتھ کاٹیج کھولے جائیں گے۔ اگلے دو سالوں میں 1258 نئے ہیلتھ سب سینٹرز کھولے جائیں گے۔ پوسٹنگ سرکاری ڈاکٹروں کی مرضی کے مطابق کی جائے گی۔ رانچی میں میڈیکو سٹی تعمیر کیا جائے گا، اس سے طبی سیاحت کو فائدہ ہوگا۔
