National

سیپٹک ٹینک میں زہریلی گیس سے 4 لوگوں کی موت، یوپی کے چندولی میں اندوہناک حادثہ

87views

اتر پردیش کے چندولی کے دین دیال نگر میں سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں زہریلی گیس سے چار افراد کی المناک موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں مالک مکان کا بیٹا اور تین صفائی کارکن شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور کسی طرح چاروں کو ٹینک سے باہر نکال کر اسپتال لے گئی جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

اطلاعات کے مطابق مغل سرائے کوتوالی کے دین دیال نگر وارڈ نمبر 20 کے رہنے والے بھرت جیسوال کے گھر میں کل رات سیپٹک ٹینک کی صفائی کی جا رہی تھی۔ اس میں تین صفائی کارکن کام کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک صفائی کارکن جیسے ہی سیپٹک ٹینک میں داخل ہوا، زہریلی گیس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگیا۔ اس صفائی کارکن کو بچانے کے لیے دوسرا اور پھر تیسرا مزدور نیچے اترا لیکن سیپٹک ٹینک کے اندر زہریلی گیس بھر جانے سے سب بے ہوش ہوگئے۔ تین مزدوروں کے بعد مکان مالک بھرت جیسوال کا بیٹا ٹینک میں داخل ہوا لیکن وہ بھی گیس کی زد میں آکر بے ہوش ہوگیا۔

اس واقعہ کے بعد افراتفری مچ گئی۔ لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر چاروں افراد کو سیپٹک ٹینک سے باہر نکالا اور اسپتال پہنچایا لیکن اس وقت تک چاروں کی موت واقع ہوچکی تھی۔ پولیس نے چاروں لاشوں کوپوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ مغل سرائے کوتوالی پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ ونود راوت، 30 سالہ لوہا ولد اتھامی اور 40 سالہ کندن ولد دیا کی زہریلی گیس سے طبیعت خراب ہو گئی۔ ان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ونود راوت کو ٹراما سینٹر وارانسی لے جا یا گیا جہاں اسے بھی ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ ان سب کو بچانے کے لیے مکان مالک کا لڑکا 23 سالہ انکور جیسوال بھی ٹینک میں اترا تھا مگر اس کی بھی زہریلی گیس سے موت ہو گئی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.