ممبئی شہر کے کئی علاقوں میں مردہ فلیمنگو پائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے گھاٹ کوپر میں ایمیریٹس فلائٹ کی زد میں آنے سے کم از کم 36 فلیمنگو کی موت ہو گئی ہے۔ اس واقعہ میں طیارہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جنگلی جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ کے رکن نے منگل کے روز اس حادثہ سے متعلق جانکاری دی۔
آر اے ڈبلیو ڈبلیو (ریسکنگ ایسو سی ایشن فار وائلڈ لائف ویلفیئر) کے بانی اور محکمہ جنگلات میں اعزازی وائلڈ لائف وارڈن پون شرما نے بتایا کہ گھاٹ کوپر میں کچھ مقامات پر مردہ پرندے دیکھے جانے کے بارے میں کئی لوگوں کے فون آ رہے تھے۔ انھوں نے بایا کہ موت کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کے لیے مردہ پرندوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ممبئی آ رہی ایک ایمیریٹس فلائٹ کی کئی فلیمنگو سے ٹکر ہو گئی، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں فلیمنگو کی موت ہوئی۔ یہ واقعہ پیر کی شب کا ہے۔ اس ٹکر کے بعد کئی مردہ فلیمنگو گھاٹ کوپر علاقے میں ملے۔ حادثہ میں طیارہ کو بھی نقصان پہنچا، لیکن پائلٹ نے طیارہ کو ایئرپورٹ پر حفاظت کے ساتھ لینڈنگ کرائی۔ اس طیارہ میں سوار سبھی مسافر محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔