Sports

ورلڈ کپ فائنل کے دوران گراؤنڈ میں گُھس آنے والا شخص کون ہے؟

155views

انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کی اننگز کے دوران ایک تماشائی اُس وقت گراؤنڈ میں داخل ہوا جب انڈیا کی بیٹنگ جاری تھی اور وراٹ کوہلی بیٹنگ کر رہے تھے۔

اتوار کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پہلی اننگز کے دوران گراؤنڈ میں گھُس کر وراٹ کوہلی کو گلے لگانے والے کرکٹ تماشائی کا پورا نام جونسن وین اور اُن کو انُ کے دوست جون کے نام سے پکارتے ہیں۔

ٹی وی سکرین پر دُنیا بھر کے شائقین نے دیکھا کہ جون نے جو شرٹ پہنی ہوئی تھی اس پر فلسطین کی حمایت میں جملے درج تھے۔

جون کو گراؤنڈ میں موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے پکڑا اور سٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔

جب انہیں پولیس اہلکار پکڑ کر گراؤنڈ سے باہر لے جا رہے تھے تو صحافیوں نے اُن سے کئی سوالات بھی کیے۔

ایک صحافی نے جون سے پوچھا کہ ’آپ سٹیڈیم میں کیوں داخل ہوئے؟‘ انہوں نے جواب دیا کہ ’میں احتجاج کر رہا تھا۔‘

جون نے مزید کہا کہ ’میرا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔ میرا نام جونسن وین ہے اور میرا نِک نیم جون ہے۔‘

انہوں نے میچ کے دوران گراؤنڈ میں داخل ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’میں وراٹ کوہلی سے بھی ملنا چاہتا تھا اور میں فلسطین کی حمایت کرتا ہوں۔‘

پولیس کی جانب سے تماشائی کو احمدآباد کے چندکھیڑا پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.