بی جے پی کے راہل سنہا اور ٹی ایم سی کے چار امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کر دیے
کولکاتہ، 5 مارچ (یو این آئی) مغربی بنگال سے راجیہ سبھا کی پانچ نشستوں کے لیے جمعرات کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک اور آل انڈیا ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے چارمیدواروں نے ریاستی اسمبلی میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ٹی ایم سی کے امیدواروں میں بابول سپریو، کوئل ملک، راجیو کمار اور میناکا گرو سوامی شامل ہیں، جنہوں نے دوپہر کے وقت حکمراں جماعت کے سینئر وزراء کی موجودگی میں اپنی نامزدگی داخل کی۔ بی جے پی کی جانب سے سابق ریاستی صدر راہل سنہا نے بھی اسی دن اپنے کاغذات جمع کیے۔نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹی ایم سی کے امیدواروں نے اپنی ترجیحات کا اظہار کیا۔ سپریم کورٹ کی سینئر وکیل میناکا گرو سوامی نے کہا کہ وہ ایوانِ بالا میں خدمات انجام دینے کو ایک بڑی ذمہ داری سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا، “میرا ماننا ہے کہ پارلیمنٹ ہو یا عدالت، کام آئینی فریم ورک کے اندر رہ کر ہی ہونا چاہیے۔ میں ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے یہ موقع دیا۔”مغربی بنگال کے سابق ڈی جی پی راجیو کمار نے اپنی نامزدگی کو ایک اعزاز قرار دیا اور مدر ٹریسا کا قول نقل کرتے ہوئے کہا، “مجھے وہ ملا ہے جس کا میں مستحق تھا۔”معروف اداکارہ کوئل ملک نے عوامی خدمت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وہیں سابق مرکزی وزیر اور موجودہ ریاستی وزیر بابول سپریو نے کہا کہ وہ راجیہ سبھا کے ذریعے عوامی مسائل کو ایوان میں اٹھانا جاری رکھیں گے۔مغربی بنگال اسمبلی میں عددی طاقت کے لحاظ سے ترنمول کانگریس چار نشستیں اور بی جے پی ایک نشست آسانی سے جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ اگر کوئی اضافی امیدوار میدان میں نہیں آتا تو ان تمام پانچوں امیدواروں کا بلامقابلہ منتخب ہونا یقینی ہے۔ راجیہ سبھا کی ان نشستوں کے لیے پولنگ 16 مارچ کو مقرر ہے۔اسمبلی میں حکمران جماعت کی عددی برتری کے پیشِ نظر مغربی بنگال سے راجیہ سبھا کے انتخابات کافی حد تک واضح اور یکطرفہ ہونے کی توقع ہے۔



