بند فٹ اوور برج اور آر پی ایف کی سخت کارروائی پر عوامی ناراضگی
بارک پور: بارک پور سٹی ترنمول کانگریس نے مقامی عوامی مسائل کو لے کر ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں زبردست احتجاج درج کرایا۔ پارٹی کے کارکنان اور لیڈران نے اسٹیشن منیجر اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے افسر کو ایک تفصیلی میمورنڈم سونپ کر بند فٹ اوور برج کے فوری کھولنے اور آر پی ایف کی سختیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرہ کی قیادت ڈاکٹر سمرت تپادار (صدر، بارک پور سٹی ترنمول کانگریس) نے کی۔ ان کے ہمراہ ائی این ٹی ٹی یو سی ہاکر یونین کے صدر راجو گھوش، پارٹی لیڈر ابھیجیت چکرورتی، محمد سونو اور دیگر معزز مقامی کارکنان موجود تھے۔ڈاکٹر تپادار نے اپنے خطاب میں کہا کہ بارک پور اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 4 کو پلیٹ فارم نمبر 1 سے جوڑنے والا فٹ اوور برج طویل عرصے سے بند ہے۔ یہ پل مشرقی اور مغربی دونوں اطراف کے مکینوں کے لیے آمدورفت کا واحد سہارا تھا۔ اس کی بندش نے مقامی عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اسٹیشن کے اندر اور باہر سے گزرنے والے عام شہریوں کو آر پی ایف کے اہلکاروں کی جانب سے غیر ضروری طور پر روکا جا رہا ہے، ان سے ٹکٹ دکھانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور بعض صورتوں میں ہراسانی کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔ڈاکٹر تپادار نے کہا کہ یہ رویہ عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے، کیونکہ کئی لوگ صرف اسٹیشن کے پار جانے کے لیے راستہ استعمال کرتے ہیں، نہ کہ ٹرین میں سفر کے لیے۔ترنمول کانگریس نے واضح طور پر کہا ہے کہ فٹ اوور برج کو فوری طور پر کھولا جائے، تاکہ عام لوگوں، بزرگوں اور طلبہ کو سہولت مل سکے۔ ساتھ ہی، آر پی ایف کو ہدایت دی جائے کہ وہ مقامی رہائشیوں کے ساتھ احترام سے پیش آئیں اور انہیں بلاوجہ تنگ نہ کریں۔
پارٹی نے اسٹیشن انتظامیہ کو ایک مخصوص ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات پورے نہیں ہوئے، تو وہ عوامی مفاد میں ایک بڑی تحریک شروع کرے گی۔ڈاکٹر تپادار نے کہا ہم امن کے ساتھ آئے ہیں، لیکن اگر عوامی مفاد کی بات کو نظرانداز کیا گیا، تو ہم سڑکوں پر اترنے سے گریز نہیں کریں گے۔ احتجاج کے دوران پارٹی کارکنوں نے نعرے بازی کی، پوسٹر اٹھائے، اور ریلوے انتظامیہ سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی۔ مقامی شہریوں نے بھی ترنمول کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیشن کے اندر فٹ اوور برج کا بند ہونا روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔
بارک پور میں ترنمول کانگریس کی اس مہم نے عوامی توجہ ایک اہم مسئلے کی طرف مبذول کرائی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ریلوے انتظامیہ اور آر پی ایف اس میمورنڈم کے بعد کتنی جلدی کارروائی کرتے ہیں یا پھر بیرک پور ایک نئی سیاسی تحریک کا گواہ بنے گا۔



