Friday, December 19, 2025
ہومWest Bengalڈرافٹ ووٹر لسٹ پر سماعت سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ڈرافٹ ووٹر لسٹ پر سماعت سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات

سی ای او آفس کی سیکورٹی سخت، بے اعتمادی برقرار

کولکاتہ: 19دسمب:ریاست بھر میں ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے متعلق سماعت کے عمل کے آغاز سے قبل الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر کی حفاظت اب کولکاتہ پولیس کے بجائے مرکزی نیم فوجی دستوں کے حوالے کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق قومی الیکشن کمیشن نے باضابطہ حکم جاری کرتے ہوئے سی ای او آفس کی مکمل سیکیورٹی مرکزی فورسز کو سونپنے کا اعلان کیا ہے۔کمیشن کے مطابق نہ صرف سی ای او بلکہ دفتر کے تمام افسران کو بھی نیم فوجی دستوں کی حفاظت حاصل ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں تعینات مرکزی خصوصی رول آبزرور اور 17 دیگر رول آبزرور جب سماعت کے سلسلے میں اضلاع کا دورہ کریں گے تو ان کے ساتھ بھی مرکزی نیم فوجی دستے موجود رہیں گے۔ سماعت کا یہ مرحلہ اگلے ہفتے سے شروع ہونے والا ہے۔ادھر ڈرافٹ ووٹر لسٹ کی اشاعت کے بعد ایک کے بعد ایک سنگین خامیاں سامنے آ رہی ہیں۔ چنڈیتلہ اسمبلی حلقہ کے ڈانکونی، مٹیگارا، نکسل باڑی اور کوچ بہار جنوبی اسمبلی حلقوں میں پہلے ہی چار زندہ ووٹروں کو مردہ دکھائے جانے کا معاملہ سامنے آ چکا ہے۔ اب مزید تین زندہ ووٹروں کو بھی ’مردہ‘ ظاہر کیے جانے کے آثار ملے ہیں۔ اس کے علاوہ علی پوردوار کی رہائشی انجلی شیل کا نام بھی ڈرافٹ لسٹ میں پایا گیا ہے، حالانکہ انہیں آسام سے این آر سی کا نوٹس ملا تھا۔اگرچہ الیکشن کمیشن ان غلطیوں کو ’ٹائپنگ ایرر‘ قرار دے کر معاملے کو معمولی بنانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ کی ساکھ پر عوام کا عدم اعتماد مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ اسی عدم اعتماد کے ماحول میں سماعت کا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے، تاکہ ووٹروں کے ناموں کی صداقت کی جانچ ہو سکے۔ اس صورتحال نے ریاست بھر میں خاص طور پر پسماندہ طبقات میں خوف اور غصے کی فضا پیدا کر دی ہے۔جنوبی 24 پرگنہ میں ایس آئی آر کے کام کا معائنہ کرنے کے دوران کمیشن کے رول مبصر سی مروگن کو عوامی احتجاج کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس کے بعد بنگال میں تعینات کمیشن کے مبصرین نے دہلی میں قومی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اضافی سیکورٹی کی مانگ کی۔ اسی تناظر میں قومی الیکشن کمیشن کے سکریٹری سوجیت کمار مشرا نے وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری انل سبرامنیم کو خط ارسال کیا، جس میں واضح کیا گیا کہ ایس آئی آر کے دوران سی ای او آفس کے گھیراؤ اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر 24 گھنٹے مرکزی فورسز کی تعیناتی ناگزیر ہے۔دریں اثنا، جنوبی 24 پرگنہ کے راج پور سونار پور میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 23 کے رہائشی وین ڈرائیور پنٹو داس کو بھی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں مردہ دکھایا گیا ہے۔ پنٹو داس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اور ان کے والد نے تمام فارم درست طریقے سے جمع کرائے تھے، لیکن ان کا نام فہرست میں مردہ درج کر دیا گیا۔ اسی طرح اترپاڑہ اسمبلی حلقہ کے کون نگر میں رہنے والے شیامل کھٹوا کو بھی مردہ ووٹر ظاہر کیا گیا، حالانکہ انہوں نے تمام ضروری دستاویزات بی ایل او کو فراہم کی تھیں۔ان مسلسل غلطیوں اور بڑھتے ہوئے احتجاج کے درمیان اب سب کی نظریں آنے والی سماعت پر مرکوز ہیں، جہاں یہ طے ہوگا کہ الیکشن کمیشن عوام کے اعتماد کو بحال کر پاتا ہے یا نہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات