Friday, December 5, 2025
ہومWest Bengalکلکتہ ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ: ہمایوں کبیر کے مجوزہ ’بابری مسجد‘...

کلکتہ ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ: ہمایوں کبیر کے مجوزہ ’بابری مسجد‘ سنگِ بنیاد پروگرام میں مداخلت نہیں، ریاست کو امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت

کولکاتہ،5دسمبر:کلکتہ ہائی کورٹ نے بھرت پور کے معطل ترنمول ایم ایل اے ہمایوں کبیر کے مجوزہ بابری مسجد سنگِ بنیاد پروگرام میں مداخلت سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ہمایوں اپنی طے شدہ تاریخ پر مرشدآباد کے بیل ڈنگہ میں پروگرام کر سکتے ہیں لیکن امن و امان برقرار رکھنا اُن کی اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہوگی۔اس معاملے پر ایک مفادِ عامہ کی عرضی دائر کی گئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ہمایوں کی جانب سے مسجد کی تعمیر کی تجویز غیر آئینی ہے۔ جمعہ کو قائم مقام چیف جسٹس سوجوئے پال اور جسٹس پارتھا سارتھی سین کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ فی الحال عدالت کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کرے گی۔ یعنی سنگِ بنیاد پروگرام کو روکنے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ اس پورے واقعے کے دوران امن و امان متاثر نہ ہونے دیں اور ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔ ریاست نے عدالت کو یقین دلایا کہ حالات پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔مدعی کی جانب سے وکیل وکاس رنجن بھٹاچاریہ نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے ریاست کو وہاں کے رہائشیوں اور عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔ عدالت نے مرکز کا موقف بھی طلب کیا۔ مرکزی حکومت نے بتایا کہ بیل ڈنگہ ایک حساس علاقہ ہے جہاں ماضی میں بدامنی کی کئی وارداتیں ہو چکی ہیں، جس کے لیے مرکزی فورسز تک تعینات کرنی پڑی تھیں۔ عدالت نے کہا کہ مرکز کو بھی امن و امان برقرار رکھنے میں ریاست کی مدد کرنی ہوگی تاکہ کسی طرح کی گڑبڑی نہ ہو۔ہمایوں کبیر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 6 دسمبر، یعنی ایودھیا میں بابری مسجد انہدام کی برسی کے روز، بیل ڈنگہ میں اسی نام کی مسجد کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ان کے اعلان کے بعد ترنمول کانگریس نے ان سے مکمل فاصلہ اختیار کر لیا۔ جمعرات کو بہرام پور میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی میٹنگ سے قبل پارٹی نے ہمایوں کو معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس کے بعد ہمایوں اجلاس گاہ سے غصے میں روانہ ہوئے اور کہا کہ وہ اپنے اعلان پر قائم رہیں گے۔ مسجد کے لیے زمین کی نشان دہی بھی مکمل ہو چکی ہے۔ساتھ ہی ہمایوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ 22 دسمبر کو اپنی نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کریں گے۔فی الحال اُن کے ہفتہ کے پروگرام پر کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے اور تمام تر توجہ انتظامات، سلامتی اور امن و امان برقرار رکھنے پر مرکوز ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات