بی جے پی سیاسی بدلے کی نیت سے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے: ممتا بنرجی
بنگال میں سیاسی بھونچال
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: آئی پی اے سی کے دفتر اور اس کے ڈائریکٹر پرتیک جین کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپوں کے بعد مغربی بنگال کی سیاست میں زبردست ہلچل مچ گئی ہے۔ سرد موسم کے باوجود ریاست کا سیاسی پارہ تیزی سے اوپر چڑھ گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی خود بی جے پی حکومت اور مرکزی تفتیشی ایجنسیوں ای ڈی اور سی بی آئی کے خلاف سڑکوں پر اتر آئیں اور اس کارروائی کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا۔ممتا بنرجی کی قیادت میں یہ احتجاجی مارچ جادو پور کے 8-B بس اسٹینڈ سے شروع ہوا، جس میں ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈران اور کارکن بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔ پارٹی کے سرگرم رہنما احتشام انجم، شمیم علی، سلمان خان اور دیگر لیڈروں نے بھی ریلی میں شرکت کر کے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی سیاسی بدلے کی نیت سے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے اور مخالف آوازوں کو دبانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ آئی پی اے سی پر چھاپہ دراصل آنے والے انتخابات سے قبل بنگال کی حکومت کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ریلی کے دوران ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ بنگال کے وقار اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے آخری دم تک لڑتی رہیں گی اور مرکزی ایجنسیوں کی ’’سیاسی کارروائیوں‘‘ کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گی۔ احتجاج کے باعث شہر کے کئی حصوں میں ٹریفک متاثر رہا اور پولیس کو اضافی سکیورٹی تعینات کرنی پڑی۔



