پوجا کے 3000 غیر قانونی ہورڈنگز اور 1500 بانس ڈھانچے ہٹائے؛60 جرمانہ نوٹس
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:کولکاتہ میونسپلٹی نے درگا پوجا کے بعد شہر بھر میں غیر قانونی اور عارضی تشہیری ہورڈنگز کے خلاف سخت مہم چلائی ہے۔ گزشتہ پندرہ دنوں میں شمال سے جنوب تک مختلف علاقوں سے تقریباً 3000 ہورڈنگز اور بینرز اور 1500 کے قریب بانس کے ڈھانچے ہٹا دیے گئے ہیں۔ اس کارروائی سے اب تک ساڑھے تین لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا جا چکا ہے جبکہ جرمانے کی رقم مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
میونسپلٹی نے پوجا سے قبل ہی اشتہاری ایجنسیوں اور پوجا کمیٹیوں کو نوٹس دیا تھا کہ دسہرہ کے سات سے دس دن کے اندر تمام عارضی انسٹالیشنز ہٹا دیے جائیں، لیکن کئی علاقوں میں بینرز اور بانس کے ڈھانچے جوں کے توں کھڑے تھے، جس کے بعد خصوصی مہم شروع کی گئی۔ ای ایم بائی پاس، دھرمتلا، پارک اسٹریٹ، چورنگی، ایکسائیڈ، گروسدے روڈ، سید امیر علی ایونیو سمیت متعدد اہم سڑکوں سے دو سو سے زائد فلیکس بینرز اور سینکڑوں بانس کے ڈھانچے ہٹائے گئے۔
شیام بازار، کھنہ، مانیکتلہ، جادو پور، بالی گنج اور سدرن ایونیو میں بھی بڑی کارروائی کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سال 70–80 فیصد پوجا کمیٹیوں اور اشتہاری ایجنسیوں نے خود ہی ہورڈنگز ہٹا دیں، جبکہ پچھلے سال تقریباً تمام ڈھانچے میونسپلٹی کو خود ہٹانے پڑے تھے۔ اس بار 20–30 فیصد کیسز میں میونسپلٹی کو کارروائی کرنی پڑی۔
اب تک 60 جرمانہ نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں اور جرمانے کی مد میں عام اشتہاری فیس کے ساتھ اس کا تین گنا اضافی جرمانہ، ہٹانے کی لاگت، اور ہر ایجنسی سے 6000 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ سال میونسپلٹی نے تقریباً 15 لاکھ روپے جرمانے کے طور پر وصول کیے تھے اور اس سال بھی رقم میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔



