نتیش کمار کو مبارکباد، پارٹی میں کھلبلی
کولکاتہ: ترنمول کانگریس کے آسنسول سے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا ایک مرتبہ پھر اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے سیاسی سرخیوں میں ہیں۔ بہار میں این ڈی اے کی شاندار جیت کے بعد ان کی طرف سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو دی گئی مبارکباد اور تعریف نے ترنمول کے اندر ایک خاموش بحث چھیڑ دی ہے۔
سنہا نے نتیش کمار کے ساتھ اپنی متعدد پرانی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا “مبارک ہو! بہار کے عوام کو اس حکومت کے لیے ووٹ دینے پر جس کے وہ صحیح معنوں میں حقدار ہیں۔ سب سے طویل مدت تک خدمات انجام دینے والے، قابل بھروسہ، آزمودہ اور کامیاب وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو مبارکباد۔ لگتا ہے کہ انہوں نے پھر ایک بار عوام کی امیدوں پر پورا اترا ہے۔ جئے بہار!”
یہ پوسٹ کئی سیاسی حلقوں میں حیرت کا باعث بنی، خاص طور پر اس لیے کہ شتروگھن سنہا نے اس میں نہ صرف نتیش کمار بلکہ ممتا بنرجی، اروند کیجریوال، ششی تھرور سمیت مختلف جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو بھی ٹیگ کیا۔
شتروگھن نے نتیش کمار کے ساتھ اپنی پرانی تصویریں بھی شامل کیں۔ بطور سیاست دان، سنہا پہلے بی جے پی میں رہ چکے ہیں، مرکزی وزیر بھی رہے، پھر کانگریس اور اب ترنمول کانگریس کا حصہ ہیں۔ اسی بنا پر مختلف سیاسی شخصیات کے ساتھ ان کی قربت اور تصاویر نئی تشریحات کو جنم دے رہی ہیں۔
کولکاتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں مغربی بنگال حکومت نے انہیں “بنگا وبھوشن” ایوارڈ سے بھی نوازا تھا، جس سے ان کا ریاستی حکومت سے تعلق مزید مضبوط سمجھا جاتا ہے۔
ترنمول کانگریس کے ترجمان اروپ چکرورتی نے محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا یہ پوسٹ شتروگھن سنہا کی ذاتی رائے ہے۔ اس پر کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔ تاہم، ہر عوامی نمائندے کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ان کا بیان کسی پارٹی ساتھی یا عہدیدار کو ناگوار نہ گزرے۔
ان کے اس بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ پارٹی ناخوش تو نہیں، مگر محتاط ضرور ہے، کیونکہ ایسی پوسٹس اکثر سیاسی پیغام بن جاتی ہیں۔کچھ مبصرین کے مطابق شتروگھن سنہا اپنے وسیع سیاسی تعلقات اور دوستانہ طرزِعمل کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے ایسی پوسٹس ان کے لیے نئی بات نہیں۔ تاہم موجودہ سیاسی ماحول میں اس طرح کی عوامی تعریفیں پارٹی لکیروں کے بارے میں سوال ضرور اٹھا دیتی ہیں۔



