وزیر اعلی ممتا بنرجی کی موجودگی میں حلف برداری کی تقریب
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ :مغربی بنگال میں سیاسی کشمکش اور اختلافات کے ماحول کے درمیان ریاست کے نئے گورنر آر این روی کی حلف برداری کی تقریب ایک خوشگوار اور شائستہ ماحول میں منعقد ہوئی۔ جمعرات کو لوک بھون میں منعقد اس تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگال کی مہمان نوازی اور ثقافتی روایت کا ایسا مظاہرہ کیا جس سے نئے گورنر اور ان کا خاندان خاصا متاثر نظر آیا۔آر این روی نے حال ہی میں مغربی بنگال کے 22ویں گورنر کے طور پر حلف لیا ہے۔ اس اہم تقریب میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مقررہ وقت پر لوک بھون پہنچ گئیں۔ اس وقت گورنر حلف برداری کی تقریب کے مقام پر نہیں پہنچے تھے، تاہم ان کی اہلیہ لکشمی روی پہلے ہی وہاں موجود تھیں۔ جیسے ہی وزیر اعلیٰ کا تعارف گورنر کی اہلیہ سے کرایا گیا، ممتا بنرجی نے نہایت گرمجوشی کے ساتھ ان کا استقبال کیا اور ان سے طویل گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ نے بنگال کی تہذیب، ثقافت اور روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بنگال سے محبت کرتے ہیں، بنگالی عوام بھی ان سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ اس دوران ممتا بنرجی نے گورنر اور ان کی اہلیہ کو بنگالی روایت کے مطابق اتریہ بھی پیش کیا، جو ریاستی ثقافت اور احترام کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ اتریہ بنگال کے مشہور بیسوا بنگلہ اسٹال سے لایا گیا تھا۔تقریب کے بعد روایت کے مطابق چائے کی ایک مختصر تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں گورنر آر این روی نے خود وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو مدعو کیا۔ اس دوران دونوں کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی اور گورنر نے وزیر اعلیٰ کے رویے اور ان کی شائستگی کو سراہا۔واضح رہے کہ راج بھون اور ریاستی حکومت کے درمیان اختلافات کی تاریخ نئی نہیں ہے۔ ماضی میں سابق گورنر جگدیپ دھنکر کے ساتھ ریاستی حکومت کے تعلقات کافی کشیدہ رہے تھے۔ بعد ازاں سابق گورنر سی وی آنند بوس کے دور میں بھی مختلف معاملات کو لے کر ریاستی حکومت اور راج بھون کے درمیان تنازعات دیکھنے کو ملے تھے۔گزشتہ 5 مارچ کو سی وی آنند بوس کے اچانک استعفیٰ نے بھی سیاسی حلقوں میں کافی ہلچل مچا دی تھی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ ان کے اچانک ہٹائے جانے کے پیچھے ممکنہ طور پر سیاسی وجوہات کارفرما ہو سکتی ہیں۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے ماحول میں آر این روی کی حلف برداری کی تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے دکھائی گئی شائستگی اور مہمان نوازی ایک مثبت پیغام دیتی ہے۔ گورنر بھی اس رویے سے خاصے متاثر نظر آئے اور ان کی اہلیہ لکشمی روی نے بھی بنگال کے اس روایتی استقبال پر خوشی کا اظہار کیا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں ریاستی حکومت اور راج بھون کے درمیان تعلقات کس رخ پر جاتے ہیں، تاہم حلف برداری کے دن کا خوشگوار ماحول بنگال کی سیاسی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ بن کر سامنے آیا ہے۔



