Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalبہار میں این ڈی اے کی واپسی پر بنگال میں سیاسی پارا...

بہار میں این ڈی اے کی واپسی پر بنگال میں سیاسی پارا بلند

بھگوا خیمے میں جوش، مخالفین کا دعویٰ: بہار والاجادو بنگال میں نہیں چلے گا

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج کے لیے جاری ووٹوں کی گنتی کے درمیان یہ بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ ریاست میں این ڈی اے کی واپسی طے ہے۔ یعنی بہار میں ایک بار پھر این ڈی اے حکومت بننے جا رہی ہے۔ ابتدائی رجحانات میں این ڈی اے واضح طور پر اکثریت کے ہدف سے کہیں آگے نکل چکی ہے۔ امکان ہے کہ نتیش کمار دسویں مرتبہ بہار کے وزیرِ اعلیٰ کا تاج پہنیں گے۔لیکن بہار کے انتخابی نتائج کا اثر مغربی بنگال کی سیاست پر بھی نظر آ رہا ہے۔ جہاں ایک طرف بی جے پی خیمے میں جوش و مسرت ہے، وہیں ترنمول کانگریس ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ “جو بہار میں ہوا ہے وہ بنگال میں ممکن نہیں۔” بہرحال 2026 کے آنے والے بنگال اسمبلی انتخابات میں کیا سیاسی منظرنامہ ہوگا، یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا، لیکن بہار کے نتائج نے بنگال کی سرد موسم میں سیاسی گرمی بڑھا دی ہے۔بی جے پی کے سینئر رہنما اور آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے کہا کہ بہار کے عوام نے این ڈی اے کی کارکردگی پر بھروسہ کرتے ہوئے اس کے حق میں مینڈیٹ دیا ہے۔ ان کے مطابق اس کے اثرات بنگال کے انتخابات میں بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دینے اور خواتین کی معاشی شمولیت کے لیے بنائی گئی اسکیموں نے عوام کا اعتماد جیتا ہے۔
امیت مالویہ نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد سے بی جے پی کبھی بھی بنگال میں اقتدار میں نہیں آئی، لیکن 2021 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین سے بڑھ کر 77 نشستیں جیتیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے بنگال میں لوک سبھا اور اسمبلی دونوں انتخابات میں اپنے ووٹ شیئر کو برقرار رکھا ہے۔دوسری طرف سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ “بی جے پی پارٹی نہیں، دھوکا ہے۔” ان کے مطابق یہ سیاسی کھیل بنگال اور اتر پردیش میں نہیں چلے گا۔ کانگریس کے پون کھڑا اور اشوک گہلوت نے بھی بہار کے نتائج کے لیے براہ راست الیکشن کمیشن کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ کانگریس کے رکن پارلیمان منیکم ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ انتخابات سے قبل 60 لاکھ ووٹروں کے نام لسٹ سے ہٹا دیے گئے، جو کل ووٹروں کے 10 فیصد ہیں۔ادھر ترنمول کانگریس کے رہنما کنال گھوش نے ممتا بنرجی کے چوتھے دورِ حکومت کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے نتائج کا بنگال سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممتابنرجی کی قیادت میں ترنمول 250 سے زیادہ نشستوں کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ کنال گھوش نے دعویٰ کیا کہ بہار کے نتائج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ کانگریس بی جے پی کا مؤثر مقابلہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔کنال گھوش نے الزام لگایا کہ بی جے پی الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر بنگال میں ایس آئی آر سمیت مختلف مسائل پر سازش کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ “ایجنسیوں اور مرکزی طاقت کا غلط استعمال ہوگا، لیکن ترنمول عوام تک پہنچ کر بی جے پی کی ہر سازش ناکام بنا دے گی۔”بی جے پی کی بنگال یونٹ پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی بہار کے نتائج کو بنگال پر دباؤ بنانے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو بے سود ثابت ہوگی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات