میئر فرہاد نے کیا معائنہ
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ ،27نومبر :وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی خصوصی ہدایات کے بعد کولکاتہ میونسپل کارپوریشن نے نئے شہر کے سریتی شمشان گھاٹ کو مکمل طور پر جدید شکل دینے کا بڑا قدم اٹھایا ہے، جہاں ایئر کنڈیشنڈ ویٹنگ روم، مندر کے ساتھ آدی گنگا کے پانی سے بھرا جانے والا تالاب، لواحقین کے لیے سبز باغ، کیفے ٹیریا، ماحول دوست لکڑی جلانے والا چولہا اور چار الیکٹرک بھٹیوں کی سہولت تقریباً تیار ہے۔ میئر فرہاد حکیم، ڈپٹی میئر آتن گھوش، میئر کونسل ممبران تارک سنگھ اور سندیپرنجن بخشی نے محکمہ صحت اور دیگر افسران کے ساتھ پورے تزئینی کام کا تفصیلی معائنہ کیا اور کہا کہ پیش رفت تسلی بخش ہے۔ تارک سنگھ نے بتایا کہ جب وزیر اعلیٰ ریتوپرنو گھوش کو خراجِ عقیدت پیش کرنے یہاں آئیں، تبھی شمشان گھاٹ کو بہتر کرنے کا حکم دیا گیا۔ اسی کے بعد تقریباً 14 کٹھہ زمین ریاستی حکومت کی مالی مدد سے دو کروڑ روپے میں خریدی گئی، جبکہ مجموعی تزئین پر تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ پہلے یہاں صرف دو الیکٹرک بھٹیاں تھیں، اب دو مزید نصب کی جا رہی ہیں، تاکہ کل چار بھٹیاں بیک وقت کام کر سکیں۔ شمشان کے زائرین کے لیے ایئر کنڈیشنڈ ویٹنگ روم، مندر، کیفے ٹیریا اور ایک پرسکون سبز باغ تیار کیا گیا ہے، جہاں میت کے لواحقین آخری رسومات کے دوران کچھ وقت آرام کر سکیں گے۔ شمشان کے اطراف اور ٹالی گنج چوکی سے یہاں تک آنے والی سڑک کو بھی وسیع کیا گیا ہے، عارضی دکانیں ہٹا کر نیا راستہ بنایا گیا ہے تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
شمشان گھاٹ کے نئے اور جدید روپ کا افتتاح کب ہوگا، اس کا فیصلہ ابھی باقی ہے، لیکن میونسپلٹی کی کوشش ہے کہ چونکہ یہ پورا کام وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہوا ہے، اس لیے افتتاح بھی وہی کریں۔



