پنچایت انتخابات 2028 پر نظر، کارکنوں کو عوام کے درمیان رہنے اور تنظیم مضبوط کرنے کی ہدایت
کولکاتہ: اقتدار سے باہر ہونے کے بعد ممتا بنرجی نے پارٹی تنظیم کو دوبارہ مضبوط کرنے اور عوام کا اعتماد واپس حاصل کرنے پر زور دیا ہے۔ اتوار کو کالی گھاٹ میں اپنی رہائش گاہ پر جنوبی بنگال کی ضلع کونسل قیادت کے ساتھ اہم میٹنگ کے دوران ممتا بنرجی نے پیغام دیا کہ ترنمول کانگریس کو اب میدان میں اتر کر عوام کے درمیان رہنا ہوگا اور کام کے ذریعے لوگوں کا بھروسہ دوبارہ جیتنا ہوگا۔میٹنگ میں ابھیشیک بنرجیبھی موجود تھے۔ اس دوران 2028 کے پنچایتی انتخابات کو سامنے رکھتے ہوئے ممتا بنرجی نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے کہا کہ آئندہ چند سال تنظیم اور عوامی خدمت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا، ہمیں اس عرصے میں پوری ایمانداری کے ساتھ کام کرنا ہوگا، کسی بھی کام میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہیے۔ ترنمول دوبارہ عوام کا اعتماد جیت کر اقتدار میں واپس آئے گی۔ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ترنمول قیادت کو خدشہ ہے کہ ضلع کونسلوں کے ذریعے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔ اس وقت ریاست کی تمام 20 ضلع کونسلیں ترنمول کے کنٹرول میں ہیں۔ پارٹی کے اندر یہ سوال بھی اٹھ رہا تھا کہ کہیں نئی حکومت ضلع کونسل بورڈز کو تحلیل نہ کر دے۔ اس پر ممتا بنرجی نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ کوئی بھی حکومت کسی منتخب ضلع کونسل کو زبردستی تحلیل نہیں کر سکتی۔میٹنگ کے دوران ممتا بنرجی نے اپنی سیاسی جدوجہد کی مثال دیتے ہوئے کارکنوں کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے اپنے ہاتھ کی پرانی چوٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ بائیں محاذ کے دور میں انہیں شدید مار پیٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا، حتیٰ کہ ووٹوں کی گنتی کے دن بھی ان پر حملہ ہوا، لیکن اس کے باوجود وہ کبھی ٹوٹی نہیں۔ انہوں نے کارکنوں سےکیا،جب میں اتنا سب کچھ سہہ کر بھی نہیں ٹوٹی تو تم لوگ کیوں ہمت ہار رہے ہو؟”ترنمول قیادت نے میٹنگ میںکہا کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد مختلف اضلاع میں پارٹی دفاتر پر حملے کیے جا رہے ہیں، کارکنوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے اور کئی لوگوں کو اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ممتا بنرجی نے ہدایت دی کہ جہاں بھی پارٹی دفاتر کو نقصان پہنچا ہے وہاں جا کر کارکنوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ وہ خود بھی بعض متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور پارٹی دفتر کی مرمت و رنگ و روغن کے کام میں حصہ لیں گی۔میٹنگ میں ترقیاتی کاموں کا موضوع بھی نمایاں رہا۔ ممتا نے کہا کہ ترنمول کے زیر انتظام ضلع کونسلوں نے سڑکوں، پینے کے پانی، رہائش اور 100 دن کے کام جیسے منصوبوں میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے لیڈروں کو ہدایت دی کہ عوام کے درمیان جا کر ان کی شکایات سنیں، نامکمل کاموں کی نشاندہی کریں اور بہتر خدمات فراہم کریں تاکہ عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔اس دوران ابھیشیک بنرجی نے بھی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی کی سیاسی جدوجہد کی مثال دی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ترنمول کے پاس لوک سبھا میں صرف ایک سیٹ تھی، لیکن بعد میں پارٹی نے 34 سیٹیں جیتیں اور اسمبلی میں 200 سے زیادہ نشستوں کے ساتھ حکومت بنائی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ مشکل وقت میں صبر اور تنظیمی طاقت ہی سب سے بڑا ہتھیار ہوتی ہے۔میٹنگ میں قانونی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔
