کولکاتہ:کولکاتہ کے سیالدہ ڈویژن میں قائم ایسٹرن ریلوے کی مشینی لانڈری آج پورے ملک میں اپنی مثال آپ ہے۔ اسے ہندوستان کی سب سے بڑی ریلوے مشینی لانڈری ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جہاں روزانہ ہزاروں مسافروں کے آرام اور صفائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس جدید لانڈری میں ہر دن اوسطاً 37 ہزار سے زائد بیڈ شیٹس، 18 ہزار تکیے کے کور اور 18 ہزار ہاتھ کے تولیے جدید ترین خودکار مشینوں کے ذریعے دھوئے، خشک کیے اور استری کیے جاتے ہیں، تاکہ ٹرینوں میں مسافروں کو صاف اور محفوظ کپڑے فراہم کیے جا سکیں۔یہ لانڈری مکمل طور پر خودکار نظام پر چلتی ہے، جہاں انسانی محنت اور جدید مشینری کا بہترین امتزاج نظر آتا ہے۔ بڑے پیمانے پر صفائی اور استری کے کام بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دیے جاتے ہیں۔ لانڈری میں 13 ہائی ٹیک واشنگ مشینیں، 7 طاقتور ڈرائر، 5 خودکار کیلنڈرنگ (استری) مشینیں، 3 بوائلر جو بھاپ فراہم کرتے ہیں، اور کمبل دھونے کے لیے ایک خصوصی خودکار کمبل کلینر نصب ہے۔ ہر بیچ کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جاتا ہے اور معیار کی سخت جانچ کے بعد ہی ٹرینوں کو سپلائی دی جاتی ہے۔
لانڈری میں کل 90 ملازمین تین شفٹوں میں خدمات انجام دیتے ہیں، جن کی نگرانی تجربہ کار سپروائزرز کرتے ہیں۔ صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ملازمین کو باقاعدہ تربیت بھی دی جاتی ہے۔ لانڈری کے ایک سپروائزر کے مطابق، ہر بیڈ شیٹ اور تولیے کو مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے۔پہلے دھلائی، پھر مخصوص درجہ حرارت پر خشک کرنا اور آخر میں خودکار مشینوں سے استری—تاکہ کپڑے زیادہ دیر تک صاف، محفوظ اور آرام دہ رہیں۔یہ مشینی لانڈری سیالدہ سے چلنے والی تقریباً تمام لمبی دوری کی ٹرینوں کو لینن سپلائی کرتی ہے۔ روزانہ ہزاروں پیکٹس کو وقت پر ٹرینوں تک پہنچانا ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن لانڈری کا عملہ پوری ذمہ داری اور پابندی کے ساتھ اس کام کو انجام دے رہا ہے۔سیالدہ ڈویژن کے ڈی آر ایم راجیو سنہا نے لانڈری کے عملے کی محنت، نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کی کھلے دل سے تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لانڈری نہ صرف سیالدہ ڈویژن بلکہ پورے ہندوستانی ریلوے کے لیے باعثِ فخر ہے اور صفائی و معیار کے میدان میں ملک بھر کے لیے ایک مثال قائم کر رہی ہے۔لانڈری انتظامیہ نے مسافروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بیڈ شیٹس اور تولیوں کو احتیاط سے استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر گندا نہ کریں، تاکہ ہر مسافر تک صاف کپڑے بروقت پہنچ سکیں۔ سیالدہ کی یہ مشینی لانڈری ہندوستانی ریلوے کی ‘کلین ریل، کلین انڈیا’ مہم کا مضبوط ستون ہے اور مسافروں کو صاف ستھرا اور باوقار سفر فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔



