Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalفنڈز جاری نہ ہوئے تو ریاستی حکومت کے بینک کھاتے منجمد کر...

فنڈز جاری نہ ہوئے تو ریاستی حکومت کے بینک کھاتے منجمد کر دیے جائیں گے

کلکتہ ہائی کورٹ کا مغربی بنگال حکومت کا سخت انتباہ

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال حکومت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر عدالتی منصوبوں کے لیے ضروری فنڈز فوری طور پر جاری نہیں کیے گئے تو ریاستی حکومت کے تمام بینک کھاتے منجمد کر دیے جائیں گے۔ جسٹس دیبانگشو باسک اور جسٹس محمد شبر راشدی کی ڈویژن بنچ نے سماعت کے دوران ریاستی حکومت کے رویے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے یاد دلایا کہ ریاست کے چیف سکریٹری نے خود عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ عدالتی منصوبوں کے لیے رقم جلد جاری کر دی جائے گی، لیکن آج تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔جسٹس باسک نے سوال اٹھایا، ’’کیا ریاست میں مالیاتی ایمرجنسی نافذ ہے؟‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ بی ایس این ایل کے بل پچھلے تین برس سے ادا نہیں کیے گئے اور اب یہ واجبات بڑھ کر 5.6 کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ عدالت نے مزید انکشاف کیا کہ ریاستی حکومت نے 36 عدالتی منصوبوں کے لیے مختص رقم بھی اب تک جاری نہیں کی۔جج نے برہمی کے ساتھ کہا، ’’کیا ہمیں یہ حکم دینا پڑے گا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر ریاست کوئی فنڈ جاری نہ کرے؟‘‘ بنچ نے چیف سکریٹری سے ریاستی حکومت کے تمام بینک کھاتوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور انتباہ دیا ہے کہ اگر فنڈز فوری طور پر جاری نہ ہوئے تو وہ کھاتے منجمد کرنے کا حکم جاری کر سکتی ہے۔
سماعت کے دوران ریاستی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ تقریباً 2.9 کروڑ روپے کے عدالتی اخراجات منظور کیے جا چکے ہیں، جس پر عدالت نے پوچھا کہ ’’کیا یہ رقم واقعی ہائی کورٹ تک پہنچی بھی ہے؟‘‘عدالت نے چیف سکریٹری اور فنانس سکریٹری کے کردار پر بھی سوال اٹھایا کہ ’’اگر خود ہائی کورٹ کو اس طرح کے مالیاتی مسائل کا سامنا ہے، تو نچلی عدالتوں کا کیا حال ہوگا؟‘‘ریاستی وکیل نے وضاحت دی کہ 60 لاکھ روپے کا تصفیہ کیا جا رہا ہے اور باقی رقم 30 اکتوبر تک ادا کر دی جائے گی۔ تاہم جب فنانس ڈپارٹمنٹ کے افسر نے کہا کہ چھٹی کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہو رہی ہے، تو جج نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’کیا چھٹی کے دن انٹرنیٹ بھی بند رہتا ہے؟ رقم تو آن لائن بھیجی جا سکتی ہے۔‘‘آخر میں ریاستی حکومت نے عدالت سے سات دن کی مہلت طلب کی، جسے عدالت نے فی الحال قبول کر لیا۔اب اس معاملے کی اگلی سماعت 10 نومبر کو ہوگی۔ اس سے پہلے 29 اکتوبر اور 6 نومبر کو چیف سکریٹری، فائنانس سکریٹری اور دیگر انتظامی افسران بقایا فنڈز سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے۔یہ پورا معاملہ ریاستی حکومت کی مالیاتی شفافیت اور عدالتی اداروں کے ساتھ تعاون پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات