Friday, December 5, 2025
ہومWest Bengalبنگال میں SIR سےخوف و ہراس!

بنگال میں SIR سےخوف و ہراس!

ہگلی میں ماں نے چھ سالہ بیٹی کے ساتھ زہر کھا لیا

ابھیشیک بنرجی نے کی فوری مدد، کلنا میں ایک شخص کو فالج کا حملہ

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ :مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) مہم نے کئی علاقوں میں خوف اور بےچینی کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ ہگلی ضلع کے دھنیاکھلی علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 28 سالہ گھریلو خاتون آشا سورین نے اپنی چھ سالہ بیٹی کے ساتھ کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔واقعہ سوماس پور-2 گرام پنچایت کے کنانڈی گاؤں میں پیش آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق آشا کو پریشانی تھی کہ اس کا نام SIR کی نئی ووٹر فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ اس کے والدین کے نام 2002 کی فہرست میں موجود تھے، مگر اس کا فارم نہیں آیا۔ یہی بات آشا کے ذہن میں خوف اور اضطراب کا سبب بنی۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ آشا کی شادی تقریباً دس سال قبل ہری پال میں ہوئی تھی، لیکن خاندانی جھگڑوں کے سبب وہ پچھلے چھ سال سے اپنے والد کے گھر رہ رہی تھی۔ آشا کے بھائی امر مرمو نے بتایا میری بہن کو SIR فارم نہیں ملا تھا، ہم نے اسے آن لائن فارم بھرنے کا مشورہ دیا، لیکن وہ بہت پریشان رہنے لگی تھی۔ آخرکار اس نے یہ انتہائی قدم اٹھا لیا۔ اہل خانہ نے فوراً انہیں دھنیاکھلی دیہی اسپتال پہنچایا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد دونوں کو کولکاتہ کے ایس ایس کے ایم اسپتال ریفر کیا گیا۔
اب دونوں کو مین بلاک کی تیسری منزل کے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ماں اور بیٹی کو 72 گھنٹے تک خصوصی نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔حادثے کی اطلاع ملنے پر دھنیاکھلی کی ایم ایل اے اسیما پاترا نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور علاج کے مکمل اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق ترنمول کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے بھی اسپتال کے حکام سے رابطہ کر کے فوری امداد اور بہتر علاج کی ہدایت دی۔اسی دوران، کلنا کے مہاپربھو پاڑہ علاقے میں ایک اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا۔ کشتیش شرما نامی شخص کو SIR کی فہرست میں اپنا نام نہ ملنے کے باعث شدید ذہنی دباؤ ہوا اور وہ فالج کا شکار ہوگیا۔اہلِ خانہ کے مطابق کشتیش کے والدین کا نام 2002 کی فہرست میں تھا لیکن ان کے انتقال کے بعد دستاویزات تلاش کرنا ممکن نہیں رہا۔ وہ کئی دنوں سے SIR کی فہرست دیکھ کر پریشان تھے، اسی دباؤ کے دوران انہیں گاڑی چلاتے ہوئے فالج کا حملہ ہوا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ SIR عملے کی جانب سے مناسب آگاہی نہ ہونے کے سبب کئی عام لوگ خوفزدہ ہیں۔ کئی مقامات پر کیمپوں میں لوگوں کا ہجوم دیکھنے کو مل رہا ہے، اور غلط معلومات یا افواہوں نے لوگوں میں عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر عوامی آگاہی مہم تیز کرنی چاہیے تاکہ کوئی بھی شہری خوف یا غلط فہمی کی بنیاد پر خود کو نقصان نہ پہنچائے۔ایس ایس کے ایم کے ذرائع کے مطابق آشا سورین اور اس کی بیٹی کی حالت اب کچھ بہتر ہے، لیکن ابھی وہ خطرے سے باہر نہیں ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات