مالتی پور سے ممتا کا بڑا انتباہ، خراب ای وی ایم پر ووٹ نہ دیں
مالدہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی نے ہفتہ کے روز مالتی پور کی انتخابی ریلی سے نہ صرف ای وی ایم کے معاملے پر سخت انتباہ دیا بلکہ بی جے پی، الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ووٹنگ کے دن ای وی ایم میں کوئی خرابی نظر آئے تو عوام ایسے ووٹ نہ دیں بلکہ نئی مشین لانے کا مطالبہ کریں۔ ممتا بنرجی نے خاص طور پر خواتین ووٹروں کو چوکس رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر گنتی سے پہلے کے دنوں میں لوڈ شیڈنگ ہو تو مائیں اور بہنیں رات بھر پہرہ دیں تاکہ کسی بھی مبینہ گڑبڑی کو روکا جا سکے۔شمالی بنگال میں انتخابی مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے مالدہ ضلع میں ایک ہی دن تین عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ مالتی پور کی ریلی میں ان کا لب و لہجہ خاصا جارحانہ نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مرکزی حکومت بناتی ہے، اگر یہ خراب ہو تو لوگوں کو ووٹ نہ دینے دیں، کہیں کہ نئی مشین لاؤ۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن صرف ایک دن کا کام نہیں بلکہ پولنگ سے لے کر گنتی تک مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے، اور اس میں ترنمول کارکنان کو پوری ذمہ داری کے ساتھ سرگرم رہنا ہوگا۔ممتا بنرجی نے اس موقع پر بی جے پی پر الزام لگایا کہ بعض اوقات پارٹی بھیس بدل کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئی شخص ترنمول، حکومت یا ان کے نام پر عوام سے بینک اکاؤنٹ نمبر مانگ سکتا ہے، اس لیے لوگ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی 500 روپے دے کر لکشمی بھنڈر کے سارے پیسے غائب کر دینا چاہتی ہے۔ اس لیے عوام کو فریب اور سازشوں سے بچنا ہوگا۔اپنی تقریر کے دوران ممتا بنرجی نے ایک بار پھر موٹے بھائی کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی قیادت پر حملہ کیا اور کہا کہ اگر دہشت، سازش اور دباؤ کی سیاست کی گئی تو بنگال میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے مالدہ کے عوام سے جذباتی انداز میں سوال کیا کہ آپ آم کھائیں گے یا ببول کے درخت لگائیں گے؟یعنی انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ترقی اور فلاح کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پھر نفرت اور انتشار کی سیاست کے ساتھ۔ممتا بنرجی کی یہ ریلی ایسے وقت ہوئی جب شمالی بنگال میں سیاسی درجہ حرارت پہلے ہی کافی بڑھ چکا ہے، خاص طور پر موتھا باڑی کے حالیہ واقعے کے بعد۔ اسی لیے مالتی پور کی اس ریلی کو صرف ایک عام انتخابی جلسہ نہیں بلکہ ترنمول کی طاقت، چوکسی اور سیاسی جوابی حملے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ریلی کے بعد ممتا بنرجی گاجول روانہ ہوئیں، جہاں روانگی کے وقت ایک اور پراسرار ڈرون نظر آنے کا معاملہ بھی سامنے آیا، جس نے دن بھر کی سیاسی سرگرمیوں میں ایک نیا پہلو شامل کر دیا۔



