وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کو چوکس رہنے، گھاٹوں کی صفائی، ہائی ماسٹ لائٹنگ اور مکمل سیکورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت دی
کولکاتہ: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست میں آنے والے تہواروں کے دوران عوام کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ دیوالی کے بعد ہونے والی چھٹھ پوجا کو مدنظر رکھتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی شہری کو تہواروں کے دوران کسی قسم کی تکلیف یا بدامنی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے فون کال ک ذریعے کہا کہ عوام کو دیوالی اور چھٹھ کو امن، خوشی اور عقیدت کے ساتھ منانے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے انتظامیہ کو گھاٹوں پر چھٹھ کے عقیدت مندوں کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔چھٹھ پوجا کے حوالے سے ممتا بنرجی نے خاص طور پر گھاٹوں کی صفائی، ہائی ماسٹ لائٹنگ، اور سیکورٹی کے مکمل انتظامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر پانی کی سطح بلند ہے، اس لیے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ کوئی بھی حادثات، جیسے پھسلنے یا گرنے، کا شکار نہ ہو۔وزیر اعلیٰ نے عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں چوکس رہیں اور مقامی پولیس و انتظامی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے تہوار کی تیاریوں کو مکمل طور پر محفوظ بنائیں۔



