وزیراعلیٰ ممتا بنرجی آج رکھیں گی اس کا سنگِ بنیاد
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ : اپنے وعدے کے مطابق، وزیراعلیٰ ممتا بنرجی آج کولکاتہ کے نیو ٹاؤن میں ‘درگانگن‘ کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔ اس کا سنگ بنیاد نیو ٹاؤن بس اسٹینڈ کے سامنے ایکشن ایریا-1 میں 17 ایکڑ سے زائد اراضی پر رکھا جائے گا۔ ریاستی سیکرٹریٹ ‘نوانو‘ کے ذرائع کے مطابق، درگانگن کی تعمیر کی تخمینہ لاگت تقریباً 262 کروڑ روپے ہے۔ ریاستی حکومت نے درگانگن کی تعمیر کی ذمہ داری ‘ہڈکو‘ کو سونپی ہے۔وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے رواں سال 21 جولائی کو اپنی پارٹی کی سالانہ شہدائے ریلی کے اسٹیج سے دیگھا میں نو تعمیر شدہ جگن ناتھ مندر کی طرز پر نیو ٹاؤن میں ریاستی حکومت کی جانب سے ایک شاندار ‘درگانگن‘ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ ممتا بنرجی کے اس اعلان کے بعد، ریاستی کابینہ نے اگست کے دوسرے ہفتے میں اس فیصلے پر اپنی مہر ثبت کر دی تھی۔ اس کے فوراً بعد، ریاستی حکومت کے ہاؤسنگ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بورڈ (ہڈکو) نے اس کے لیے ٹینڈر طلب کر لیے تھے۔درگانگن نیو ٹاؤن میں ایکو پارک کے پاس رام کرشن مشن کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔ اس درگانگن کا مرکزی دروازہ مندر کے طرز پر بنایا جائے گا۔ وہاں سے دونوں طرف ہری گھاس کے درمیان سے ایک سنگ مرمر کا راستہ مرکزی مندر کے دروازے تک جائے گا۔ انتظامی حلقوں کا دعویٰ ہے کہ یہ نہ صرف ایک مذہبی ڈھانچہ ہوگا بلکہ بنگال کے فن، ثقافت اور ورثے کی علامت بھی ہوگا۔اس منصوبے میں آرٹ، ثقافتی سرگرمیوں اور ورثے کے فروغ کے لیے الگ ڈھانچہ ہوگا۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ ریاستی انتظامیہ کے ایک حصے کے مطابق، 2021 میں یونیسکو کی جانب سے بنگال کی درگا پوجا کو ‘ورثہ کے طور پر تسلیم کیے جانے کے بعد، یہ درگانگن اس بین الاقوامی شناخت کے مطابق ریاست کے ثقافتی ورثے میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔انتظامیہ کو امید ہے کہ یہ درگا ماں کی روزانہ پوجا کے لیے ایک مستقل جگہ بن جائے گی۔ نیو ٹاؤن کے ایکو پارک میں گزشتہ چند سالوں میں مدر ویکس میوزیم، وشو بنگلہ گیٹ، ایئر کرافٹ میوزیم اور منی چڑیا گھر جیسی چیزیں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک کی طرز پر ہیپی اسٹریٹ اور سوناجھوڑی ہاٹ بھی سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہیں۔سیاحوں کے لیے ایکو پارک میں دنیا کے سات عجوبوں کے نمونے بھی تیار کیے گئے ہیں۔ دیگھا کا جگن ناتھ مندر بننے کے چند ہی مہینوں میں ریکارڈ سیاحوں کو اپنی طرف راغب کر رہا ہے۔ اندازہ ہے کہ درگانگن بھی سیاحوں کے لیے اسی طرح توجہ کا مرکز بنے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے رواں سال اکشے تریتیا کے موقع پر دیگھا میں جگن ناتھ مندر کا افتتاح کیا تھا۔ اسکون کے مطابق اتوار کو اس مندر میں عقیدت مندوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔ اس کے علاوہ، حال ہی میں شمالی بنگال کے دورے کے دوران انہوں نے ماٹی گاڑہ میں ایک نئے مہاکال مندر کی تعمیر کے لیے زمین دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔



