Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalکولکاتہ میونسپلٹی میں برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے والوں کا ہجوم

کولکاتہ میونسپلٹی میں برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے والوں کا ہجوم

راکسی سینما تک لگی لمبی قطاریں

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:کولکاتہ میونسپل کارپوریشن (کے۔ایم۔سی) کے دفاتر کے باہر گزشتہ کئی دنوں سے برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ شہریوں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ نے انتظامیہ کے لیے نیا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ سرٹیفکیٹ لینے کے لیے نہ صرف کولکتہ شہر بلکہ دیگر اضلاع اور ریاستوں سے بھی لوگ یہاں پہنچ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق، ایسے کئی افراد جن کے پیدائشی سرٹیفکیٹ گم ہو گئے ہیں یا کبھی بنوائے ہی نہیں گئے، وہ اب ڈپلیکیٹ کاپیاں حاصل کرنے کے لیے میونسپلٹی پہنچ رہے ہیں۔ گزشتہ سات دنوں سے یہ عمل جاری ہے، لیکن بدھ کے روز صورتحال سب سے زیادہ بے قابو ہو گئی۔ میونسپلٹی کے مرکزی دفتر سے لے کر راکسی سینما تک انسانوں کی قطار سانپ کی طرح پھیل گئی۔میونسپل ذرائع کے مطابق، اس ہجوم کی اطلاع ملنے پر میئر فرہاد حکیم نے فوری طور پر جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ لوگوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے روزانہ جاری کیے جانے والے برتھ سرٹیفکیٹس کی تعداد بڑھائی جائے۔ فی الحال روزانہ اوسطاً 150 سرٹیفکیٹ جاری کیے جا رہے ہیں، لیکن اب اس تعداد میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔میونسپل ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کئی لوگ دوسرے اضلاع اور ریاستوں جیسے بنگلورو، حیدرآباد اور پٹنہ سے بھی کولکاتہ پہنچے ہیں، کیونکہ ان کی پیدائش شہر کے کسی پرائیویٹ اسپتال یا نرسنگ ہوم میں ہوئی تھی۔ اب وہ پاسپورٹ یا ویزا کے عمل کے لیے برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔اہلکار نے مزید بتایا کہ پولیس بھی تصدیق کے لیے دوسرے اضلاع کے تھانوں سے برتھ سرٹیفکیٹس کی جانچ کروا رہی ہے تاکہ کسی جعلی دستاویز کا استعمال نہ ہو۔میئر فرہاد حکیم نے اس موقع پر کہا”ہاتھ سے لکھے گئے برتھ سرٹیفکیٹ اب جاری نہیں کیے جائیں گے۔ تمام سرٹیفکیٹ کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے تیار ہوں گے، جن پر چیف ہیلتھ آفیسر کے دستخط ہوں گے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق، کورونا کے بعد سے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ چیٹ بوٹ سسٹم کے ذریعے جاری کیے جا رہے ہیں۔ البتہ سسٹم میں تکنیکی سست رفتاری کے باعث عوام کو دشواری ہو رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کے حکم کے بعد اب ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی رفتار بڑھانے کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کی لمبی قطاریں کم کی جا سکیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات