Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalوزیر اعلی کا پاور شو، بی جے پی میں کھلبلی!

وزیر اعلی کا پاور شو، بی جے پی میں کھلبلی!

ٹھاکر نگر میں متھن چکرورتی کی قیادت میں 6 دسمبر کو جوابی مارچ

جدید بھارت نیوز سروس
بنگاؤں:بنگاؤں میں ایس آئی آر کے مسئلے پر سیاسی درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے اور دونوں بڑی جماعتیں متوا ووٹ بینک کو اپنے حق میں کرنے کے لیے پوری قوت جھونک رہی ہیں۔ متوا برادری کی بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے متوگڑھ میں ایک شاندار جلوس اور طاقتور میٹنگ کرکے یہ واضح پیغام دیا کہ ترنمول حکومت متوا برادری کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ ممتا بنرجی کے اس غیر معمولی پاور شو نے نہ صرف سیاسی ماحول کو بدل کر رکھ دیا بلکہ بی جے پی کو فوری حرکت میں آنے پر مجبور کر دیا۔ اسی دباؤ کے تحت بی جے پی نے 6 دسمبر کو ٹھاکر نگر میں بڑے احتجاجی مارچ کا اعلان کیا ہے، جسے پارٹی کا ’جوابی حملہ‘ تصور کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ ممتا بنرجی ایس آئی آر کے معاملے پر متوا برادری کو گمراہ کر رہی ہیں، جبکہ ترنمول کا دعویٰ ہے کہ ممتا کے جلوس کے بعد بی جے پی بری طرح گھبرا گئی ہے اور ووٹروں کے کھو جانے کے خوف میں سڑکوں پر اتر آئی ہے۔ ریاست میں ایس آئی آر یعنی ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کا عمل جاری ہے، لیکن متوا برادری کے ایک حصے میں یہ خوف برقرار ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں ان کے نام ووٹر لسٹ سے ختم ہو سکتے ہیں۔ اسی خدشے کے سبب چند روز قبل متوا طبقے کے ایک گروپ نے طویل بھوک ہڑتال کی تھی، جو 13 دن بعد ابھیشیک بنرجی کی اپیل پر ختم کی گئی۔ بھوک ہڑتال کے خاتمے کے فوراً بعد ممتا کا جلوس نکالا گیا، جس نے پورے سیاسی منظرنامے میں ہلچل پیدا کر دی۔ اس کے جواب میں بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ 6 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے ٹھاکر نگر اسپتال کے نزدیک سے ایک بڑا مارچ شروع ہوگا، جو ٹھاکر نگر بازار تک جائے گا۔ اس مارچ میں مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر، بی جے پی کے ریاستی صدر شمک بھٹاچاریہ اور فلمی دنیا کے مقبول اداکار و پارٹی لیڈر متھن چکرورتی شامل ہوں گے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ بی جے پی اس جلوس کو طاقت کا بڑا مظاہرہ بنانا چاہتی ہے۔ ترنمول کا کہنا ہے کہ بی جے پی متوا ووٹروں کے کھو جانے کی بوکھلاہٹ میں ایسے پروگرام کر رہی ہے، جبکہ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ ممتا حکومت اصل میں متوا مخالف پالیسیاں چلا رہی ہے۔ اس پورے سیاسی کھیل میں اب نظریں ٹھاکر نگر پر لگی ہیں جہاں دونوں جماعتوں کے درمیان براہِ راست طاقت کا مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔ ایک طرف ممتا کا طاقتور شو آف اور دوسری طرف بی جے پی کا متھن چکرورتی کے ساتھ جوابی مارچ، جس نے بنگال کی سیاست کو ایک نئے موڑ پر لا کھڑا کیا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات