Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalمنریگا فنڈ پر مرکز - ریاست ٹکراؤ عروج پر

منریگا فنڈ پر مرکز – ریاست ٹکراؤ عروج پر

کولکاتہ:منریگا کے تحت 100 دنوں کے کام کی بقایا ادائیگیوں کو لے کر مرکز اور مغربی بنگال حکومت کے درمیان کشیدگی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ نوانو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کولکاتہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود مرکز نے اب تک فنڈ جاری کرنے پر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے، جس سے ریاستی حکومت میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔الٹا، مرکزی وزارتِ دیہی ترقی ریاست سے بار بار نئی رپورٹس طلب کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ جان بوجھ کر طول دیا جا رہا ہے، اور مرکز انتخابات سے پہلے منریگا فنڈ جاری کرنے سے گریز کر رہا ہے۔ریاست کے ایک سینئر افسر کے مطابق 20 سے زیادہ ایکشن ٹیکن رپورٹس (ATR) مرکز کو بھیجی جا چکی ہیں۔ 140 سے زیادہ مرکزی ٹیمیں ریاست کا دورہ کر کے تحقیقات کر چکی ہیں۔ ریاستی وزراء اور افسران متعدد بار دہلی میں میٹنگیں کر چکے ہیں۔اس سب کے باوجود 11 نومبر کو مرکز نے ریاستی حکومت کو نیا خط بھیج کر کہا کہ پچھلی رپورٹ تسلی بخش نہیں ہے، اور ایک ماہ کے اندر نئی رپورٹ جمع کرائی جائے۔ ریاستی حکومت کے مطابق یہ رویہ ’’جان بوجھ کر تاخیر‘‘ ہے، تاکہ منریگا کے ہزاروں مستحقین کی ادائیگیاں رکی رہیں۔ حکام یہ بھی مانتے ہیں کہ مرکز "غیر تسلی بخش" جیسے الفاظ استعمال کر کے وقت گزارنے کی حکمت عملی اپنا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال حکومت نے اب مرکز کو ایک سخت الفاظ پر مشتمل خط بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں اسے اس کے "راجدھرم" کی یاد دلائی جائے گی۔

خط بھیجنے سے پہلے حکومت نے قانونی ماہرین سے مشورہ لینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ریاستی حکومت کا صاف موقف یہ ہے کہ مرکز ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود فنڈ روک کر آئینی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتا۔منریگا کے تحت مغربی بنگال کے ہزاروں مزدور پچھلے دو برسوں سے ادائیگی کے لیے پریشان ہیں۔ ریاست کا دعویٰ ہے کہ مرکز 7,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم روک کر بیٹھا ہے، جبکہ مرکز ریاست پر بدعنوانی اور مالی بے ضابطگی کا الزام لگاتا رہا ہے۔فی الحال صورتحال ایک بار پھر ٹکراؤ کے موڈ میں ہےاور اس بار نوانو نے صاف اشارہ دے دیا ہے کہ اگر فنڈ جلد جاری نہ ہوا تو قانونی محاذ بھی کھولا جا سکتا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات