بنگال کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے 4834 کروڑ روپے مختص
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: مغربی بنگال میں نئی بی جے پی حکومت بنتے ہی مرکز نے ریاست کے لیے بڑا مالیاتی پیکیج دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ شوبھندوکی حلف برداری کے صرف 24 گھنٹے کے اندر مرکزی حکومت نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے تقریباً 4 ہزار 834 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ریاست میں’’ڈبل انجن‘‘ حکومت بننے کے بعد اسے مرکز اور ریاست کے درمیان بہتر تال میل کی پہلی بڑی مثال مانا جا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پہلے مرکز اور ریاست کے درمیان اختلافات کی وجہ سے کئی ترقیاتی منصوبے سست پڑ گئے تھے، لیکن اب نئی حکومت کے بعد ترقیاتی کاموں میں تیزی آنے کی امید بڑھ گئی ہے۔مرکزی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ رقم بنیادی طور پر سڑکوں، پلوں، آبپاشی، صاف پینے کے پانی، دیہی ترقی، صحت اور تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر خرچ کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق شمالی بنگال، جنگل محل اور سندربن جیسے پسماندہ علاقوں میں رکے ہوئے کئی منصوبوں کو اب جلد مکمل کیا جا سکے گا۔ دیہی سڑکوں اور شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ بلاک سطح کے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو جدید بنانے پر بھی خاص توجہ دی جائے گی۔اقتصادی ماہرین کا ماننا ہے کہ مرکز کی یہ بڑی مالی مدد ریاست کی معیشت اور روزگار کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اگر مرکز اور ریاست ایک ساتھ کام کریں تو ترقی کی رفتار کافی تیز ہو سکتی ہے۔وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے بھی واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت کا مقصد سیاسی بدلہ لینا نہیں بلکہ سنہرا بنگال دوبارہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے ہر علاقے میں ترقی پہنچانے کے لیے کام کرے گی۔حکمران بی جے پی کے رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ مرکز کی جانب سے اتنی جلدی فنڈ جاری ہونا اس بات کا اشارہ ہے کہ نئی حکومت کو دہلی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4594484