Sunday, February 1, 2026
ہومWest Bengalپرانے منصوبے کو نیا رنگ دے کر پیش کیا گیا بجٹ

پرانے منصوبے کو نیا رنگ دے کر پیش کیا گیا بجٹ

مرکزی بجٹ پر ممتا بنرجی کا سخت حملہ، نرملا پر ’دھوکہ دہی‘ کا الزام

کولکاتہ/دہلی:مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پیش کردہ مالی سال 2026-27کے بجٹ پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ مرکز نے پرانے منصوبوں کو نئے پیکٹ میں پیش کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ خاص طور پر ڈانکونی فریٹ کوریڈور کے اعلان کو انہوں نے ’واضح دھوکہ‘قرار دیا۔اتوار کو بجٹ تقریر کے فوراً بعد دہلی روانہ ہوتے وقت دم دم ہوائی اڈے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا،ڈانکونی فریٹ کوریڈور کوئی نئی بات نہیں ہے۔ میں نے خود 2009 میں ریلوے وزیر کے طور پر اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ اب اسے نئے نام اور نئی شکل دے کر پیش کیا جا رہا ہے۔ممتا بنرجی نے مرکز کی حکمراں جماعت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ انہیں مغربی بنگال سے ووٹ ملنے کی امید نہیں، اس لیے ریاست کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ بجٹ بنگال کے لیے مایوس کن ہے اور اس میں ریاست کے لیے کوئی ٹھوس فائدہ شامل نہیں کیا گیا۔قابلِ ذکر ہے کہ ڈانکونی سے مغربی ہندوستان تک مال بردار راہداری کا تصور تقریباً 17 برس پرانا ہے۔ جب ممتا بنرجی 2009 میں ریلوے وزیر تھیں، تب انہوں نے ڈنکونی سے لدھیانہ تک فریٹ کوریڈور کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد مشرق اور مغرب کے درمیان تجارت اور سامان کی نقل و حمل کو آسان بنانا تھا۔ تاہم، ان تمام برسوں میں اس منصوبے پر عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔اس بار مرکزی بجٹ میں بنگال کے لیے تین منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں ڈانکونی سے سورت تک فریٹ کوریڈور کی تجویز شامل ہے۔ لیکن ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ یہ پرانے منصوبے کو نئے انداز میں پیش کرنے کے سوا کچھ نہیں۔بجٹ پر مزید سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا،یہ بجٹ بے سمت، خواتین مخالف، کسان مخالف اور غریب مخالف ہے۔ بنگال کو اس بجٹ میں کچھ بھی نہیں ملا۔ یہ صرف جھوٹ اور بڑے بڑے دعوؤں کا پلندہ ہے ہمپٹی ڈمپٹی بجٹ۔واضح رہے کہ ممتا بنرجی پیر کے روز دہلی میں قومی الیکشن کمیشن کے دفتر جا کر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے ملاقات کریں گی، جہاں وہ ایس آئی آر سے متعلق اپنے اعتراضات بھی پیش کریں گی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات