Friday, December 5, 2025
ہومWest Bengalبی جے پی ’’ایس آئی آر‘‘ مشن پر سرگرم

بی جے پی ’’ایس آئی آر‘‘ مشن پر سرگرم

کولکاتہ:مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنی سیاسی مشینری کو پوری طرح فعال کر دیا ہے۔ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک گیر سطح پر خصوصی انٹینسیفائیڈ ریویژن (SIR) مشن کی تیاریوں کے درمیان، بی جے پی نے ریاست میں اس عمل کو منظم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم شروع کر دی ہے۔
سالٹ لیک میں پارٹی کے ریاستی دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے سینئر لیڈر امیتابھ چکرورتی، دیپک برمن، ستیش دھون، امیت مالویہ، اور عاصم سرکار سمیت کئی اہم عہدیداران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ریاستی کمیٹی کی تشکیل نو، توسیع پسند کارکنان کی تربیت، SIR عمل میں پارٹی کا کردار، اور اسمبلی وار انچارجز کی ذمہ داریاں طے کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آنے والے ہفتوں میں پنچایت سطح پر SIR سے متعلق تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ بی جے پی کے تربیتی ماڈیول کے مطابق، BLA 2 نمائندوں کو اس بات کی خصوصی تربیت دی جائے گی کہ وہ ووٹر فہرست کے جائزے کے دوران کسی بھی غیر قانونی تارکِ وطن کے اندراج کو روکنے میں فعال کردار ادا کریں۔
اسی کے ساتھ، پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اگلے مہینے کے پہلے ہفتے سے ریاست کے نو سرحدی اضلاع ،خاص طور پر شمالی بنگال اور جنوبی 24 پرگنہ میں 700 سے زائد سی اے اے کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ ان کیمپوں میں ہندو پناہ گزینوں کو شہریت ترمیمی قانون (CAA) کے تحت درخواست دینے میں مدد فراہم کی جائے گی۔
پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق، ریاستی بی جے پی صدر شمک بھٹاچاریہ نے گزشتہ ہفتے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں واضح پیغام دیا کہ یہ پارٹی کے لیے “کرو یا مرو” کی گھڑی ہے۔ ان کے مطابق، “جتنے زیادہ لوگ سی اے اے کے تحت شہریت حاصل کریں گے، اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی پوزیشن اتنی ہی مضبوط ہوگی۔ اگر SIR مشن ناکام رہا تو ہمارے ایئرکنڈیشنڈ دفاتر اور آرام دہ میٹنگ روم کسی کام کے نہیں رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ ریاستی ورکنگ کمیٹی کے تمام ارکان کو مختلف اسمبلی حلقوں کی ذمہ داری دی جائے گی تاکہ انتخابی مہم کو نچلی سطح تک مؤثر بنایا جا سکے۔ ضلعی سطح کے کارکنان اور اسٹیٹ کمیٹی ممبران کو انچارج مقرر کیا جائے گا، جو تربیت یافتہ ٹیموں کے ساتھ مل کر ایس آئی آر مشن کے دوران پارٹی کی موجودگی کو مضبوط بنائیں گے۔ پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے کہا، ہم م ہر سطح پر منظم طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد صرف انتخابی تیاری نہیں بلکہ ووٹر لسٹ کی درستگی اور شہریت کے مسئلے پر عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔ریاستی سیاسی حلقوں کے مطابق، بی جے پی کا یہ قدم نہ صرف SIR کے عمل پر اثر انداز ہو سکتا ہے بلکہ سی اے اے کو دوبارہ ایک مرکزی انتخابی مسئلہ بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ بھی ہے۔ ریاستی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی جانب سے ابھی تک اس اجلاس پر کوئی باضابطہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات