Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalگھسڑی میں ووٹر لسٹ کا بڑا گھپلا!

گھسڑی میں ووٹر لسٹ کا بڑا گھپلا!

2002 کی فہرست سے سینکڑوں نام غائب

ہاوڑہ:ہاوڑہ میں SIR فارم بھرنے کے دوران بڑا انکشاف سامنے آیا کہ 89، 101 اور 104 ضیاء بی بی روڈ کے سینکڑوں رہائشیوں کے نام 2002 کی ووٹر لسٹ سے غائب ہیں، حالانکہ ان کے ووٹر آئی ڈی 1996 سے بالکل درست ہیں اور پاسپورٹ جیسے شناختی دستاویز بھی موجود ہیں۔ معاملہ اس وقت سنگین لگا جب بی ایل او نے دیکھا کہ پتہ وہی ہے مگر ووٹر رجسٹر میں نام نہیں، جبکہ لوگ برسوں سے وہیں رہتے آئے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ 1996 میں عمارتوں کو منظم سازش کے تحت آگ لگا کر انہیں علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا اور بعد میں یہاں کھیل کا میدان بنا دیا گیا۔ وہ اپنے گھر، دستاویزات اور سارا سامان پیچھے چھوڑنے پر مجبور تھے۔ 2004 میں اس وقت کے ترنمول کونسلر ریاض احمد نے اس واقعے کی چھان بین کی، بکھرے ہوئے خاندانوں کو مختلف علاقوں سے ڈھونڈ کر دوبارہ اسی پتے پر بسایا، ان کے لیے نئے گھر بنوائے اور ہاوڑہ انتظامیہ کے ذریعے ان کی شناخت بحال کروائی۔ ریاض کے مطابق ان کے ووٹر کارڈ اور شناختی دستاویز اس وقت کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی مدد سے دوبارہ جاری کیے گئے، اور 2011 میں حکومت بدلنے کے بعد انہیں پوری شناخت واپس مل گئی اور وہ تب سے مستقل ووٹ بھی ڈال رہے ہیں، مگر اب SIR فارم میں وہی پرانی رکاوٹ پھر سامنے آ گئی کیونکہ 2002 کی فہرست میں ان کے نام شامل نہیں تھے جس کے بغیر فارم آگے نہیں بڑھتا۔ مکین شاہنور اور یاسمین بیگم سمیت کئی لوگوں نے بتایا کہ وہ بچپن یا جوانی میں گھر جل جانے کے بعد دوسرے علاقوں میں بھٹکتے رہے اور اب جب وہ دوبارہ اپنے علاقے میں بسے ہیں تو شناخت ثابت کرنے کے باوجود فارم نہیں بھر پا رہے، البتہ ریاض احمد نے انہیں یقین دلایا ہے کہ انہیں کوئی نقصان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ریاض کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اب فارم کا صرف اوپری حصہ بھریں، بعد میں کیمپ میں جب انہیں بلایا جائے گا تو وہ اپنے اصل دستاویزات پیش کریں گے اور وہ ذاتی طور پر ان کی پوری مدد کریں گے تاکہ کسی شخص کا نام یا ووٹنگ کا حق ضائع نہ ہو۔
ایس آئی آر ڈیوٹی کے دوران بی ایس او بیمار
بی ایل اوز کے بڑھتے بوجھ پر ہنگامہ
کولکاتہ:کولکاتہ میں ایس آئی آر ڈیوٹی کے دوران بی ایس او انیمیش نندی اچانک بیمار ہو کر گر پڑے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل بڑھتے ہوئے کام کے دباؤ کے باعث ذہنی و جسمانی طور پر پریشان تھے، اگرچہ فی الحال ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ انیمیش نندی، جو پیشے سے اسکول ٹیچر ہیں، بیلگھاٹہ میں سپروائزر میٹنگ کے دوران بیمار پڑے اور اس واقعے نے بی ایل اوز پر ڈالے گئے اضافی بوجھ پر ریاست بھر میں شدید بحث چھیڑ دی۔ بی ایل او تنظیموں کا کہنا ہے کہ ابتدائی ہدایات صرف فارم تقسیم کرنے، عوام کو طریقہ کار سمجھانے اور دستاویزات جمع کرنے تک محدود تھیں، مگر اب ان پر فارم ڈیجیٹائز کرنے اور ڈیٹا اپ لوڈ جیسے اضافی تکنیکی کام بھی تھوپ دیے گئے ہیں، جس سے ان کی ذمہ داریاں دوگنی ہو گئی ہیں۔ بی ایل او یونٹی فورم نے کہا ہے کہ اسکول کی ڈیوٹی اور ایس آئی آر کے کام کو ایک ساتھ سنبھالنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے، اس لیے فوری طور پر ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی تقرری ضروری ہے۔
ادھر الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ انہیں اب تک کوئی سرکاری شکایت موصول نہیں ہوئی اور 4 نومبر سے ان کی نگرانی میں پورا عمل بخوبی چل رہا ہے، جبکہ میڈیا رپورٹس کا الگ سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس معاملے نے سیاسی محاذ بھی گرم کر دیا ہے۔ ترنمول کے سینئر ایم پی سوگتا رائے نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن زبردستی ایس آئی آر نافذ کرا رہا ہے جس کی وجہ سے بی ایل اوز مشکلات میں ہیں، جبکہ بی جے پی کے چیف وہپ شنکر گھوش کا دعویٰ ہے کہ ریاستی حکومت اس واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
سی پی آئی (ایم) لیڈر سوجن چکرورتی نے بھی الیکشن کمیشن پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ مناسب تیاری کے بغیر روز نئے سرکلر جاری کر کے پورے عمل کو الجھا رہے ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات