فورس کے کام میں شفافیت اور رفتار لانے کے لیے نیا قدم
کولکاتہ: مغربی بنگال پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) راجیو کمار نے اعلان کیا ہے کہ پولیس ڈائریکٹوریٹ میں مصنوعی ذہانت سیل تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ نیا سیل پولیس فورس میں جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں شامل کرنے کے مقصد سے قائم کیا گیا ہے، تاکہ فورس کی کارکردگی، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
ڈی جی پی کے جاری کردہ حکم کے مطابق، یہ نیا اے آئی سیل بھوانی بھون میں قائم کیا جائے گا اور اس کی سربراہی اے ڈی جی رینک کے ایک سینئر افسر کے ہاتھوں میں ہوگی۔ یہ سیل فورس کے اندر مصنوعی ذہانت کے نفاذ، تربیت، پالیسی سازی اور منصوبہ بندی سے متعلق مرکزی کردار ادا کرے گا۔ذرائع کے مطابق، اس سیل کے ڈھانچے میں ایک آئی جی بطور ممبر سیکرٹری اور دو تکنیکی ماہرین شامل ہوں گے۔ یہ ٹیم مختلف پولیس یونٹوں کے لیے اے آئی سے وابستہ منصوبے تیار کرے گی، اور پولیس افسران کو اس ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر خصوصی تربیتی پروگرام فراہم کرے گی۔اے آئی سیل نہ صرف پولیس کے اندرونی کاموں کو ڈیجیٹل اور خودکار بنائے گا بلکہ ریاستی پولیس کو تعلیمی اداروں، صنعتی اداروں، اسٹارٹ اپس اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ شراکت داری کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔ مقصد یہ ہے کہ پولیس فورس کو ڈیٹا مینجمنٹ، سائبر سیکیورٹی، پرائیویسی اور جدید تحقیق کے شعبوں میں براہِ راست تجربہ حاصل ہو۔ذرائع نے بتایا کہ یہ سیل ہر پندرہ دن بعد میٹنگ کرے گا تاکہ جاری اے آئی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے، جبکہ ہر چھ ماہ بعد ریاستی حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ “یہ قدم ریاستی پولیس کو 21ویں صدی کی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے کی سمت میں ایک بڑا موڑ ہے۔ اس سے نہ صرف کارکردگی بڑھے گی بلکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔ یہ اقدام مغربی بنگال پولیس کو ملک کی اُن چند فورسز میں شامل کرتا ہے جو مستقبل کی سمت میں مصنوعی ذہانت پر مبنی پولیسنگ کے تصور کو عملی جامہ پہنانے جا رہی ہیں۔



