Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalسنہاتی دیوس پروزیر اعلی ممتا کی اپیل

سنہاتی دیوس پروزیر اعلی ممتا کی اپیل

بنگال نفرت نہیں، یکجہتی کی سرزمین ہے

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ :6دسمبر:فرقہ وارانہ سیاست کے بڑھتے ہوئے ماحول اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے سماج میں نفرت پھیلانے کی کوششوں کے درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سنہاتی دیوس کے موقع پر ایک بار پھر اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا مضبوط پیغام دیا۔ انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر سخت لہجے میں لکھا کہ “بنگال کی مٹی کبھی تفریق کے سامنے جھکی نہیں تھی، نہ اب جھکے گی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال کی دھرتی رابندر ناتھ ٹیگور، کوی نزرل ، شری رام کرشنا اور سوامی وویکانند جیسے عظیم گواہوں کی دھرتی ہے، جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب اور برادریوں نے مل جل کر زندگی گزاری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہم سب جانتے ہیں کہ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے، خوشیاں بانٹنی ہیں، اور یہ مان کر چلنا ہے کہ مذہب سب کا ہے مگر تہوار سب کے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے سخت الفاظ میں کہا کہ ایسے عناصر جو فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر ملک کو کمزور کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، ان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے امن، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو بنائے رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کا معاشرہ ہمیشہ سے متحد رہا ہے اور آگے بھی رہے گا۔
اسی دوران ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے بھی سوشل میڈیا پر سنہاتی دیوس کے پروگرام کا پوسٹر شیئر کر کے یکجہتی کا پیغام عام کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و محبت کے ساتھ اس دن کی اہمیت کو یاد رکھیں۔
قابل ذکر ہے کہ 6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد انہدام کے بعد سے ہی ممتا بنرجی کی ہدایت پر ہر سال 6 دسمبر کو ترنمول کانگریس کی جانب سے سنہاتی دیوس منایا جاتا ہے۔ یہ دن انصاف، امن اور بھائی چارے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس سال بھی پروگرام کی ذمہ داری ترنمول کی طلبہ اور نوجوانوں کی تنظیموں کو دی گئی ہے۔ ہفتے کی سہ پہر ہونے والے مرکزی اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ مختلف مذاہب کے رہنما اور مختلف برادریوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ کولکاتہ، ہوڑہ اور 24 پرگنہ کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ اور نوجوانوں کو بڑی تعداد میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتی ہے، اسی پس منظر میں سنہاتی دیوس کے اس اہم پروگرام میں ممتا بنرجی کی تقریر پر سب کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ریاستی سطح پر امن، اتحاد اور ہم آہنگی کا یہ بڑا اجتماع ایک بار پھر یہ پیغام دے رہا ہے کہ بنگال کی دھرتی نفرت نہیں، محبت اور بھائی چارے کی مٹی ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات