Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalبردوان میڈیکل میں پھر بڑی لاپرواہی!

بردوان میڈیکل میں پھر بڑی لاپرواہی!

ایک مریض کا خون دوسرے کو الاٹ، اسپتال میں کھلبلی

بردوان:بردوان میڈیکل کالج و اسپتال میں طبی لاپرواہی کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک مریض کے نام پر خون کی ریکوزیشن دوسرے مریض کے اہل خانہ کو تھما دی گئی، جس کے بعد پورے اسپتال میں ہڑبونگ مچ گئی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے اندر ایسے غلط الاٹمنٹ کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے، جس نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی اور نگرانی پر سنجیدہ سوال کھڑے کر دیے ہیں۔
واقعہ اس وقت سامنے آیا جب جمال پور کے پراٹال سے تعلق رکھنے والے دولن ملک، جنہیں ہائی بلڈ شوگر، الٹی اور پیٹ درد کی شکایت کے سبب HCCU-1 کے بیڈ نمبر 5 میں داخل کیا گیا تھا، کے اہل خانہ کو اچانک خون لانے کے لیے بلایا گیا۔ دوسری طرف اسی وارڈ کے بیڈ نمبر 7 پر پُتُل بیگ نامی مریضہ گردے کی تکلیف کے باعث داخل تھی اور اسے پہلے ہی ایک یونٹ خون دیا جا چکا تھا، جبکہ مزید خون کی ضرورت باقی تھی۔
اہل خانہ کا الزام ہے کہ رات نرسوں نے دولن ملک کا نام لے کر ان کے گھر والوں کو بلایا اور فوری طور پر خون کا بندوبست کرنے کو کہا۔ اسپتال کے بلڈ بینک میں درخواست جمع کرائی گئی، مگر ڈونر نہ ہونے کے باعث خون مہیا نہ ہو سکا۔ معاملہ اس وقت کھلا جب مریض کے گھر والے ای سی جی اور یو ایس جی کی ریکوزیشن کے لیے متعلقہ کاؤنٹر پہنچے۔ وہاں انہیں بتایا گیا کہ جو کاغذات اُن کے ہاتھ میں ہیں وہ کسی دوسرے مریض پُتُل بیگ کے ہیں۔یہ غلطی پکڑے جانے کے بعد فوری طور پر ریکوزیشن سلپ درست کی گئی، مگر اس سے پہلے اہل خانہ سخت پریشانی اور کشمکش میں مبتلا ہو چکے تھے۔میڈیا کے ذریعے معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپتال کے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ تاپس گھوش نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نرسنگ سپر کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کو جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے اعتراف کیا کہ یہ واقعہ تشویش ناک ہے۔ ہم غلطی کے اصل سبب کا پتہ لگا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسا نہ ہو۔ ساتھ ہی مریض کے اہل خانہ سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ ہر دستاویز وصول کرتے وقت اسے اچھی طرح دیکھ لیں۔ اسی احتیاط سے بہت سی غلطیاں روکی جا سکتی ہیں۔بردوان میڈیکل میں بار بار اس طرح کی گڑبڑی نے صحت کے نظام میں احتساب کی ضرورت اور عملے کی ٹریننگ پر گہری بحث چھیڑ دی ہے۔ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اُن کی زندگیاں ایسی غفلتوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑی جا سکتیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات