Sunday, December 28, 2025
ہومWest Bengalابھیشیک بنرجی کا الیکشن کمیشن پر بڑا حملہ، بنگال میں سب سے...

ابھیشیک بنرجی کا الیکشن کمیشن پر بڑا حملہ، بنگال میں سب سے کم نام خارج

ایس آئی آر سے کتنے بنگلہ دیشی روہنگیا ملے؟

کولکاتا:ترنمول آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے ہفتہ کے روز الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری خصوصی گہری نظر ثانی کے عمل پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بنگال میں اس پورے عمل کی منطق سمجھ سے باہر ہے کیونکہ یہاں ملک بھر میں سب سے کم ووٹروں کے نام خارج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر پوچھا کہ اگر واقعی ایس آئی آر کا مقصد غیر قانونی یا ’بھوت‘ ووٹروں کی نشاندہی تھا تو بنگال میں 58 لاکھ 20 ہزار خارج شدہ ناموں میں کتنے بنگلہ دیشی اور کتنے روہنگیا ہیں، اس کی مکمل فہرست عوام کے سامنے رکھی جائے۔ ابھیشیک نے کہا کہ بنگال میں 10.5 کروڑ ووٹروں میں سے صرف 5.79 فیصد نام خارج ہوئے ہیں، جبکہ تمل ناڈو میں 7.75 کروڑ میں سے 57.30 لاکھ یعنی 12.5 فیصد، گجرات میں تقریباً 9.95 فیصد، چھتیس گڑھ میں 8.76 فیصد اور سی پی ایم کے زیر اقتدار علاقوں میں 6.65 فیصد نام خارج کیے گئے ہیں، اس کے باوجود صرف بنگال کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ اعداد و شمار ریاستی حکومت یا ترنمول کے نہیں بلکہ خود الیکشن کمیشن کے ہیں، پھر بھی بی جے پی کے دباؤ میں آ کر بنگال میں زبردستی ایس آئی آر کرایا گیا، کیونکہ بی جے پی لیڈروں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہاں ایک کروڑ روہنگیا رہتے ہیں اور ڈیڑھ کروڑ ووٹروں کے نام فہرست میں شامل ہیں۔ جو زمینی حقیقت سے میل نہیں کھاتا۔ ابھیشیک نے کمیشن سے پانچ سوالات داغے جن میں پوچھا گیا کہ خارج شدہ ناموں میں کتنے بنگلہ دیشی اور کتنے روہنگیا ہیں، اگر مقصد غیر قانونی ووٹروں کی شناخت ہے تو تریپورہ، میگھالیہ اور میزورم جیسی سرحدی ریاستوں میں ایس آئی آر کیوں نہیں کرایا گیا، بنگال میں سب سے کم نام خارج ہونے کے باوجود دوسری ریاستوں کو نوٹس کیوں نہیں بھیجے جا رہے۔مائیکرو آبزرور سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں کیوں نہیں گئے اور ہر دو دن بعد نوٹس صرف بنگال کے لیے کیوں جاری کیے جا رہے ہیں، اور آخر میں یہ کہ جب پہلے کہا گیا تھا کہ صرف 45 فیصد میپنگ ہوئی ہے اور بعد میں 89.65 فیصد میپنگ سامنے آئی تو اس غلط بیانی پر معافی کیوں نہیں مانگی گئی۔ ابھیشیک نے محرومیوں کا مسئلہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ بنگال میں بدعنوانی کا حوالہ دے کر 100 دن کے کام اور رہائش کے فنڈ روک دیے گئے، لیکن اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی لیڈروں کے نام سامنے آنے کے باوجود وہاں رقم کیوں نہیں روکی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتر پردیش، گجرات اور حتیٰ کہ کم آبادی والے انڈمان و نکوبار میں ایس آئی آر کی مدت بڑھا دی گئی، مگر بنگال کو یہ رعایت کیوں نہیں دی گئی۔ اس وقت بنگال میں ایس آئی آر کی سماعت کا عمل شروع ہو چکا ہے اور کئی ایم پی اور ایم ایل اے کے خاندانوں کو سماعت کے لیے بلایا گیا ہے، جس سے عوام میں تشویش اور سیاسی ماحول میں مزید تلخی پیدا ہو گئی ہے، اور ایسے میں ابھیشیک بنرجی کے اٹھائے گئے سوالات ریاستی سیاست میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات