Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalمرکز ہوشیار! واجبات ادا نہ کیے تو دہلی ہلا دوں گا: ابھیشیک...

مرکز ہوشیار! واجبات ادا نہ کیے تو دہلی ہلا دوں گا: ابھیشیک بنرجی

بنگالیوں کو بنگلہ دیشی کہنے پر شدید برہم

کولکاتہ:ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور پارٹی کے سیکنڈ ان کمانڈ ابھیشیک بنرجی نے ایک بار پھر مرکزی حکومت پر زبردست حملہ کیا ہے۔ انہوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ اگر مرکز مغربی بنگال کے واجبات ادا نہیں کرتا تو وہ دہلی کی سڑکوں پر ایک "میگا ریلی" نکالیں گے، جس میں لاکھوں بنگالی شرکت کریں گے۔ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں ایک منظم سیاسی سازش کے تحت بنگالیوں کو بنگلہ دیشی قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف انتظامی عمل نہیں بلکہ ایک "خطرناک سیاسی چال" ہے جو بنگالی شناخت اور ووٹ کے حق پر حملہ ہے۔انہوں نے ایس آئی آر کے عمل کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ میں نظرثانی کے بہانے بنگال کے لاکھوں جائز ووٹروں کو خارج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ان کے مطابق اگر مقصد غیر قانونی امیگریشن کو روکنا ہے تو صرف بنگال کو کیوں نشانہ بنایا گیا؟ آسام، میزورم، میگھالیہ اور تریپورہ بھی تو بنگلہ دیش سے متصل ہیں۔ پھر صرف مغربی بنگال میں یہ کارروائی کیوں؟"ابھیشیک نے الزام لگایا کہ یہ سب کچھ 2026 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ایک منصوبہ بند سیاسی چال کے تحت ہو رہا ہے تاکہ ترنمول کے ووٹ بینک کو کمزور کیا جا سکے۔انہوں نے ایک جلسہ عام میں کہا پہلے عوام حکومت کو منتخب کرتے تھے، لیکن اب حکومت عوام کو چن رہی ہے۔ یہ جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔ابھیشیک بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ترنمول 2026 میں 2021 سے بھی زیادہ سیٹیں جیتے گی اور بی جے پی کی نشستیں 50 سے نیچے لے آئے گی۔ انہوں نے براہِ راست مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر حملہ کرتے ہوئے کہا امت شاہ اور گیانیش کمار بتائیں، وہ کتنی جانیں لیں گے؟ بی جے پی نے یہ کھیل شروع کیا ہے، ہم اسے ختم کر دیں گے۔ ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔

انہوں نے بی جے پی کو للکارتے ہوئے کہا ترنمول سے لڑو، بنگال سے نہیں۔اسی دوران، سپریم کورٹ نے بھی بنگال حکومت کے لیے بڑی راحت فراہم کی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا کی بنچ نے 100 دن کے کام (منریگا) اسکیم سے متعلق مرکز کی درخواست خارج کر دی۔ یہ فیصلہ ترنمول کے لیے ایک سیاسی جیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ترنمول کا الزام ہے کہ مرکز نے جان بوجھ کر ریاست کے 57 ہزار کروڑ روپے واجبات ادا نہیں کیے اور 100 دن کے کام کے تحت بنگال کے لاکھوں مزدور تین سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ مرکز کا موقف ہے کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے فنڈز منتقل کیے گئے، اسی لیے ادائیگی روکی گئی۔ابھیشیک بنرجی نے اپنے خطاب کے آخر میں مرکز کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا اگر واجبات فوراً جاری نہیں کیے گئے، تو بنگال دہلی میں ایک تاریخی ریلی نکالے گا اور اس بار پورا بنگال سڑک پر ہوگا۔ بی جے پی کو ابھی سیکھ لینا چاہیے، ورنہ 2026 میں ان کا زوال یقینی ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق، ابھیشیک بنرجی کا یہ جارحانہ رخ نہ صرف ترنمول کے اندر حوصلہ بڑھا رہا ہے بلکہ انتخابات سے قبل مرکز۔ ریاست ٹکراؤ کو بھی ایک نیا رخ دے سکتا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات