ملک کے سب سے ناکام اور بیکار وزیر داخلہ
دراندازی اور سرحدی مسائل پر الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر دراندازی اور سرحدی حفاظت کے معاملے پر شدید تنقید کی ہے۔ بدھ کو دہلی میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت شاہ ملک کے سب سے ناکام اور بیکار وزیر داخلہ ہیں۔ڈائمنڈ ہاربر سے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کے دو ممبران پارلیمنٹ، اننت مہاراج اور جگن ناتھ سرکار کے متنازع بیانات کے باوجود بی جے پی نے ان پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے دہلی دھماکوں اور جموں و کشمیر میں دہشت گرد حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ سرحدی حفاظت اور پولیس کی ذمہ داری کس کی ہے، اور کہا کہ اس کا ذمہ دار وزارت داخلہ اور وزیر داخلہ ہیں۔ ابھیشیک نے الزام لگایا کہ بی ایس ایف، دہلی پولیس اور جموں و کشمیر پولیس سب وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں، لیکن وزیر داخلہ کی ناکامی کے باعث سرحدی اور داخلی تحفظ میں خلل پیدا ہوا۔ انہوں نے کہاہندوستان کی آزادی کے بعد سے پورے ملک میں اگر کوئی وزیر داخلہ ناکام رہا ہے تو وہ امیت شاہ ہیں۔مزید برآں ابھیشیک نے متواؤں کی شہریت کے معاملے اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شانتنو ٹھاکر کے کردار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی اپنی سیاست میں ایسے اقدامات سے غلط پیغام دے رہی ہے۔



