Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalکولکاتہ کی گلیوں میں صفائی کا نیا انقلاب؛ میونسپلٹی کے جدید ‘خودکار...

کولکاتہ کی گلیوں میں صفائی کا نیا انقلاب؛ میونسپلٹی کے جدید ‘خودکار سویپرز’ جلد سڑکوں پر

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:کولکاتہ کی صفائی کے نظام میں اب ایک بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے شہر کی تنگ گلیوں اور بڑی سڑکوں کو پہلے سے کہیں زیادہ مؤثر طریقے سے صاف رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا رخ کر لیا ہے۔ بدھ کے روز میئر کونسل کے اجلاس میں اس بات کی باضابطہ منظوری دے دی گئی کہ شہر کے لیے بیس چھوٹے سائز کے بیٹری سے چلنے والے الیکٹرانک مکینیکل سویپرز خریدے جائیں گے۔ ان کے ساتھ ساتھ بڑی سڑکوں کے لیے بیس سی این جی پر چلنے والے جدید آٹومیٹک سویپرز بھی خریدے جا رہے ہیں۔ ان دونوں منصوبوں پر مجموعی طور پر 84 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جائیں گے۔کولکاتہ کی گنجان آبادی والی بستیوں میں بڑے مکینیکل سویپر پہنچانا ہمیشہ مشکل رہا ہے۔ اسی وجہ سے اب میونسپلٹی نے 6 سے ساڑھے 6 فٹ چوڑائی کے بیٹری سے چلنے والے چھوٹے سویپرز لانے کا فیصلہ کیا ہے، جو آسانی سے تنگ گلیوں میں گھس کر کام کر سکتے ہیں۔ایک بار مکمل چارج ہونے پر یہ مشینیں آٹھ گھنٹے تک مسلسل کام کر سکیں گی۔ میونسپل افسران کے مطابق ممبئی، اندور اور ناسک میں یہ ٹیکنالوجی پہلے ہی کامیابی سے استعمال کی جا رہی ہے، اور کولکاتہ کے افسران نے ان شہروں کا دورہ کرکے خود ان مشینوں کی کارکردگی دیکھی ہے۔
کورونا دور میں خریدے گئے پُرانے مکینیکل سویپرز نے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی، اور ان کی صفائی کے معیار پر کافی سوالات اٹھے۔ اسی لیے اب بلدیہ نے سی این جی سے چلنے والے جدید آٹومیٹک سویپرز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں ایک طرح سے ’آل ان ون مشین‘ کہا جا رہا ہے۔یہ نئی مشینیں صرف جھاڑو اور ویکیوم ہی نہیں کریں گی بلکہ سڑک پر پانی کا برقی چھڑکاؤ (اسپرے) بھی خودکار طریقے سے ہوگا۔ جیسے ہی جھاڑو سڑک پر لگے گا، مشین ساتھ ساتھ پانی کا اسپرے کر دے گی، تاکہ دھول اڑنے نہ پائے۔ اس کے بعد ویکیوم کلینر گندگی اور مٹی کو آسانی سے کھینچ لے گا۔پرانے ماڈلز میں پانی کے چھڑکاؤ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے صفائی کے وقت دھول زیادہ پھیلتی تھی، جو ایک بڑا مسئلہ تھا۔میونسپلٹی کے مطابق ان جدید مشینوں کے آنے کے بعد شہر کی روزمرہ صفائی پہلے سے کہیں زیادہ تیز، بہتر اور صحت مند ماحول میں ہوگی۔ تنگ گلیوں سے مرکزی شاہراہوں تک، ہر جگہ صفائی کا معیار بڑھنے کی توقع ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات