سپرتیم سرکار کی جگہ اجے نندا نے سنبھالاکولکاتہ پولیس کمشنر کا عہدہ
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ ::مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد ریاست کی انتظامیہ اور پولیس محکمے میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے حکم پر کولکاتہ پولیس کے کمشنر سپرتیم سرکار کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ اجے نندا کو نیا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق اجے نندا نے پیر کے روز ہی کولکاتہ پولیس کمشنر کا عہدہ سنبھال لیا۔ ذمہ داری سنبھالتے ہی انہوں نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں ناکام نہیں ہوں گا، ہر الیکشن چیلنجنگ ہوتا ہے۔اجے نندا نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق کولکاتہ پولیس ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے پاس کافی فورس موجود ہے اور مزید فورس بھی تعینات کی جا رہی ہے تاکہ انتخابات پرامن طریقے سے کرائے جا سکیں۔انہوں نے حال ہی میں شمالی کولکاتہ کے گریش پارک علاقے میں ریاستی وزیر ششی پنجا کے گھر پر ہوئے حملے کے واقعے پر بھی ردعمل دیا۔ اجے نندا نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے اور پولیس اس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔نئے پولیس کمشنر نے کولکاتہ کے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پولیس مکمل غیر جانبداری کے ساتھ کام کرے گی۔ ان کے مطابق عام لوگ اور سیاسی جماعتیں پولیس سے شفاف اور غیر جانبدارانہ کردار کی توقع رکھتے ہیں اور اس توقع پر پورا اترنا پولیس کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔اجے نندا نے مزید کہا کہ جس طرح ہر بار کولکاتہ میں آزادانہ اور پرامن انتخابات ہوتے آئے ہیں، اسی طرح اس بار بھی کولکاتہ پولیس پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کرے گی اور شہر میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔



