Wednesday, December 17, 2025
ہومWest Bengalترنمول حکومت کو بڑا آئینی جھٹکا، یونیورسٹی ترمیمی بل مسترد

ترنمول حکومت کو بڑا آئینی جھٹکا، یونیورسٹی ترمیمی بل مسترد

صدر نے واپس لوٹائے بل، گورنر ہی ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر برقرار

کولکاتہ :مغربی بنگال کی ترنمول کانگریس حکومت کو اس وقت بڑا سیاسی اور آئینی دھچکا لگا جب صدرِ مملکت نے ریاست کی یونیورسٹیوں سے متعلق اہم ترمیمی بلوں کو منظوری دینے سے انکار کرتے ہوئے واپس بھیج دیا۔ ان بلوں کے ذریعے گورنر کے بجائے وزیر اعلیٰ کو ریاست کی سرکاری یونیورسٹیوں کا چانسلر بنانے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم صدر کی منظوری نہ ملنے کے باعث یہ بل قانون کی شکل اختیار نہیں کر سکے۔
ذرائع کے مطابق راشٹرپتی بھون سے دونوں بل واپس آنے کے بعد ریاستی حکومت کی وہ کوششیں فی الحال رک گئی ہیں جن کے تحت وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ریاستی یونیورسٹیوں کا چانسلر مقرر کیا جانا تھا۔ موجودہ صورتِ حال میں گورنر ہی بدستور ریاست کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے چانسلر رہیں گے۔یہ تنازعہ نیا نہیں ہے۔ سابق گورنر جگدیپ دھنکر کے دور سے ہی راج بھون اور ریاستی حکومت کے درمیان یونیورسٹیوں کے انتظامی امور، خاص طور پر وائس چانسلروں کی تقرری کو لے کر شدید اختلافات چلے آ رہے ہیں۔ جون 2022 میں پہلی بار یونیورسٹی ترمیمی بل کو اسمبلی میں منظور کیا گیا تھا، جس میں گورنر کے بجائے وزیر اعلیٰ کو چانسلر بنانے کی تجویز دی گئی تھی۔ تاہم اس وقت کے گورنر جگدیپ دھنکر نے بل کو طویل عرصے تک زیرِ التوا رکھا۔بعد ازاں جب سی وی آنند بوس نے گورنر کا عہدہ سنبھالا تو امید کی جا رہی تھی کہ اس مسئلے کا حل نکلے گا، مگر انہوں نے بھی بل پر وہی موقف اختیار رکھا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور وزیر تعلیم برتیا باسو نے کئی مواقع پر گورنر کے رویے پر ناراضگی اور برہمی کا اظہار کیا۔آخرکار گزشتہ سال اپریل میں گورنر نے دونوں بل صدرِ مملکت کے غور کے لیے محفوظ کر کے بھیج دیے۔ ان میں ایک مغربی بنگال یونیورسٹیز ایکٹ (ترمیمی) بل تھا، جس کے تحت ریاستی سرپرستی والی یونیورسٹیوں میں گورنر کی جگہ وزیر اعلیٰ کو چانسلر بنانے کی تجویز تھی۔ اسی کے ساتھ عالیہ یونیورسٹی (ترمیمی) بل بھی صدر کو بھیجا گیا، جس میں بھی یہی تجویز شامل تھی۔اب صدرِ مملکت کی جانب سے دونوں بل مسترد کیے جانے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ فی الحال ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر کے طور پر گورنر ہی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ اس فیصلے کو ترنمول حکومت کے لیے ایک بڑا سیاسی جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے اور امکان ہے کہ اس معاملے پر مرکز اور ریاست کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات