Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalشراب کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر 13 کروڑ کا...

شراب کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر 13 کروڑ کا بڑا گھپلہ!

کولکاتہ میں دو گرفتار، بینک ملازم بھی شامل

کولکاتہ: شہر کے قلب میں واقع نیو مارکیٹ تھانہ علاقے سے ایک بڑا مالی گھپلہ سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ شراب کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر کئی لوگوں سے تقریباً 13 کروڑ روپے ہتھیائے گئے۔ متاثرین کو زیادہ منافع کا خواب دکھا کر ان سے بھاری رقم لی گئی، لیکن وقت آنے پر نہ منافع ملا اور نہ ہی اصل رقم واپس کی گئی۔
کولکاتہ پولیس کے اینٹی فراڈ سیکشن نے کارروائی کرتے ہوئے دو اہم ملزمان رندھیر بندیوپادھیائے اور تشار سو کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں کو لال بازار پولیس ہیڈکوارٹر میں پیشی کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں 20 اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔سرکاری وکیل اروپ چکرورتی نے عدالت میں کہا کہ معاملہ نہایت سنگین ہے، کیونکہ اس میں تقریباً 13 کروڑ روپے کی رقم شامل ہے۔ ان کے مطابق، تفتیش کے لیے ملزمان سے مزید پوچھ گچھ ضروری ہے تاکہ اس مالی جرم کے پورے نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے۔ عدالت نے یہ دلیل مانتے ہوئے پولیس کو مزید وقت دیا ہے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم رندھیر بندیوپادھیائے ایک بینک ملازم ہے، جس سے اس فراڈ کی سنگینی اور بڑھ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، اس کی بینکاری معلومات کا غلط استعمال کر کے کئی متاثرین کو اعتماد میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ملزمان نے سرمایہ کاروں کو مختلف اسکیمیں دکھائیں اور جعلی معاہدوں اور دستاویزات کے ذریعے اعتماد حاصل کیا۔ کئی متاثرین نے جب منافع یا رقم واپس مانگی تو بہانوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، یہاں تک کہ ملزمان نے فون اٹھانا بھی بند کر دیا۔
پولیس اب اس بات کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے کہ کروڑوں روپے کہاں منتقل ہوئے، اور اس منصوبے میں اور کون لوگ شامل ہیں۔ فراڈ کے پیچھے ممکنہ کمپنیوں اور بینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین جاری ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا “یہ کوئی عام دھوکہ دہی نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند مالی جرم ہے۔ ہم تمام ٹبوت جمع کر رہے ہیں، اور بہت جلد دیگر ملوث افراد کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔”ادھر متاثرہ سرمایہ کاروں نے پولیس سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے محنت کی کمائی واپس دلائی جائے۔کولکاتہ میں پچھلے کچھ عرصے میں اس طرح کے کئی مالی گھپلے سامنے آئے ہیں، جہاں تیزی سے منافع کے لالچ میں لوگ اپنی جمع پونجی سے محروم ہو جاتے ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ اسکیم یا کاروباری پیشکش میں سرمایہ لگانے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت ضرور پرکھیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات