جموں و کشمیر میں دو دہشت گردانہ حملے، شوپیاں میں بی جے پی کے سابق سرپنچ کا قتل،ا ننت ناگ میں سیاح جوڑا زخمی
جموں و کشمیر کے شوپیاں میں ہفتہ یعنی 18 مئی کو دہشت گردوں نے ایک سابق سرپنچ کو گولیوں سے مار دیا۔ شوپیاں کے ہیر پورہ علاقے میں دہشت گردوں نے بی جے پی کے ایک سابق سرپنچ کو نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں نے یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کے طور پر انجام دیا ہے۔
متوفی سابق سرپنچ کی شناخت اعجاز احمد شیخ کے طور پر کی گئی ہے۔ احمد شیخ کا تعلق بی جے پی سے تھا۔ دہشت گرد سابق سرپنچ پر گولیاں برسانے کے بعد فرار ہوگئے۔ اس دوران واقعے کے بعد احمد شیخ کو اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ معلومات کے مطابق اعجاز احمد شیخ دہشت گردانہ حملے میں بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔ تاہم اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق ایک اور دہشت گردانہ حملے میں کشمیر کے اننت ناگ علاقے میں دو سیاح زخمی بھی ہوئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردانہ حملے میں جے پور کی ایک خاتون اور اس کا شوہر زخمی ہو گئے۔ ان سیاحوں پر اننت ناگ ضلع کے ینار علاقے میں دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
حکام نے بتایا کہ دونوں سیاحوں کی شناخت فرحہ اور تبریز کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حملے کے بعد پولیس نے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔