National

ٹرمپ نے مودی کو آئینہ دکھایا: سیلجا

9views

چندی گڑھ، 06 فروری (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری اور سرسا کی رکن پارلیمنٹ کماری سیلجا نے جمعرات کو کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے، جن کی وزیر اعظم نریندر مودی تعریف کرتے تھے، وزیر اعظم کو آئینہ دکھایا ہے۔یہاں جاری ایک بیان میں کماری سیلجا نے کہا کہ امریکی حکومت نے جس طرح 104 ہندوستانیوں کو ملک بدر کیا ہے اس سے مرکزی حکومت کو سبق سیکھنا چاہئے اگر روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کو ملک میں ہی روزگار فراہم کیا جاتا تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر ٹرمپ نے وزیر اعظم کو آئینہ دکھایا ہے جو امریکی صدر ٹرمپ کی تعریف کرتے ہیں۔کماری سیلجا نے کہا کہ حکومت کو ہندوستان کی سفارتی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ملک کے محنت کشوں کو اسرائیل میں روزگار فراہم کر سکتی ہے تو دوسرے ممالک میں اپنی سطح پر ایسا کیوں نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ امرتسر ہوائی اڈے پر جو امریکی طیارہ 104 افراد کو لے کر اترا اس میں ہریانہ کے 33 شہری بھی شامل تھے۔ ان میں سے زیادہ تر لوگ اپنی زمین اور مکان بیچ کر یا گروی رکھ کر روزگار کی تلاش میں نکلے تھے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ امریکی حکومت اب بھی سینکڑوں لوگوں کو ہندوستان بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔ حکومت کو اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے اور امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کرنے اور ملک بدر ہونے والوں کے ساتھ باعزت سلوک کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے سفارتی اقدامات کا خاکہ پیش کرنا چاہیے۔کماری سیلجا نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے، ملک بدریوں کو مالی اور سماجی بحالی میں مدد فراہم کرنے اور مستقبل میں ہندوستانیوں کو ایسی مشکلات کا سامنا کرنے سے روکنے کے لیے ایک شفاف ہجرت کا فریم ورک قائم کرنے کے لیے مداخلت کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو متاثر ہونے والے ہزاروں لوگوں کے مفادات کے تحفظ اور ہندوستان کی سفارتی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملک میں ہی روزگار فراہم کرنے کے لیے سنجیدگی سے قدم اٹھانا چاہیے، اگر حکومت خالی آسامیوں پر تقرریاں کرتی تو لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا، ہریانہ میں اس وقت دو لاکھ عہدے خالی ہیں۔ اگر نوجوانوں کو ملک کے اندر ہی روزگار مل جائے تو انہیں روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں۔کماری سیلجا نے بیرون ملک ملازمت کا خواب دیکھنے والے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ اگر ان کا امریکہ یا کسی اور ملک جانے کا خواب ہے تو وہ ضرور جائیں لیکن کسی غلط راستے سے نہیں بلکہ تمام درست دستاویزات کے ساتھ جائیں تاکہ انہیں کبھی ایسا دن نہ دیکھنا پڑے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.