National

کنشک طیارہ بم دھماکہ کے ملزم رپودمن سنگھ ملک کےقتل کے دو ملزمین نے جرم کا اعتراف کرلیا

8views

اوٹاوا، 22 اکتوبر (ہ س)۔ کنشک طیارہ دہشت گردانہ دھماکہ معاملے میں بری ہوچکے مشتبہ 75 سالہ رپودمن سنگھ ملک کے قتل کے ملزمین ٹینر فاکس اور جوز لوپیز نے برٹش کولمبیا نیو ویسٹ منسٹر میں واقع سپریم کورٹ کے سامنے قتل کے جرم کا اعتراف کرلیا۔ دونوں نے سوموار کو رپودمن سنگھ ملک قتل کیس کی سماعت کے موقع پر اپنا جرمقبول کر لیا۔ کناڈا کے گلوبل نیوز چینل نے اپنی نشریات میں اس پیش رفت پر تفصیل سے بات کی ہے۔گلوبل نیوز چینل کے مطابق ملزمان ٹینر فاکس اور جوز لوپیز کی سزا پر عدالتی سماعت 31 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ اعتراف کرنے کے بعد، فاکس اور لوپیز آپس میں الجھ گئے۔ لوپیز نے فاکس کے سر میں گھونسا مارا۔ بڑی مشکل سے دونوں کو الگ کیا جا سکا۔ فاکس اور لوپیز دونوں کا مجرمانہ ریکارڈ طویل ہے۔ دونوں نے سپاری لے کر ملک کی جان لی تھی۔ سرخ رنگ کی ٹیسلا کی ڈرائیور سیٹ پر بیٹھے ملک کو گولیوں سے بھون دیا گیا تھا۔ پولیس نے ان ملزمان سے تقریباً 16,000 ڈالر کی نقدی برآمد کی ہے۔ملک کو 14 جولائی 2022 کو سرے، برٹش کولمبیا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ملک اور شریک ملزم عجائب سنگھ باگری کو 2005 میں بڑے پیمانے پر قتل اور 1985 میں ہونے والے دو بم دھماکوں سے متعلق سازش کے الزامات سے بری کر دیا گیا تھا۔ ان دھماکوں میں 331 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بم بنانے والے اندرجیت سنگھ ریات کو بعد میں اس حملے میں قصوروار ٹھہرایا گیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران مبینہ ماسٹر مائنڈ تلویندر سنگھ پرمار کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.