![](https://jadeedbharat.com/wp-content/uploads/2025/02/kali-2-750x450.jpg)
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،5فروری:۔چترا لوک سبھا علاقہ کے رکن پارلیمنٹ کالی چرن سنگھ نے لاوالانگ بلاک کے رتناگ گاؤں میں ٹرانسفرمر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گاؤں والوں کو ایک بڑا تحفہ دیا۔ گاؤں میں گزشتہ دو سال سے بجلی نہیں تھی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ایم پی نے انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ 100 دنوں کے اندر گاؤں میں بجلی بحال کر دی جائے گی، لیکن ہر گھر تک بجلی پہنچانے کا کام صرف 60 دنوں میں پورا کر دیا۔اس موقع پر ایم پی کالی چرن سنگھ نے کہا کہ یہ صرف سیاست نہیں بلکہ عوامی خدمت کا عہد ہے، یہ کام صرف عوام کے آشیرواد اور تعاون سے وقت سے پہلے مکمل ہوا ہے۔ عوام نے اظہار تشکر پیش کیا، گاؤں میں بجلی بحال ہونے کے بعد گاؤں والوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ ایم پی کالی چرن سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ اب ان کو اندھیروں میں رہنے سے نجات ملے گی اور بچوں کی پڑھائی سے لیکر گھریلو کام کاج تک سب کچھ بہتر طریقے سے چلے گا۔سمریا کے ایم ایل اے اجول داس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی ترقی کی جانب یہ ایک اہم قدم ہے۔ حکومت اور انتظامیہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ایم پی کالی چرن سنگھ نے یقین دلایا کہ علاقے کے ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔
![Follow us on Google News](https://jadeedbharat.com/wp-content/uploads/2024/01/GoogleNews.png)