National

’انڈیا اتحاد کی حکومت بنتے ہی کسانوں کا قرض معاف ہوگا‘، پنجاب میں کسانوں سے راہل گاندھی نے کیا وعدہ

94views

لوک سبھا انتخاب 2024 کے ساتویں اور آخری مرحلہ کے لیے سبھی سیاسی پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بدھ کے روز پنجاب پہنچے جہاں لدھیانہ میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ یہاں راہل گاندھی نے کسانوں سے ایک بڑا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کے فوراً بعد کسانوں کا قرض معاف کرنے کی تیاریاں شروع ہو جائیں گی۔

راہل گاندھی نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کے بعد کسان کا قرض معاف کرنے کے لیے ایک کمیشن بنایا جائے گا۔ انھوں نے اس تعلق سے کہا کہ ’’انڈیا اتحاد کی حکومت بنتے ہی ہم کسانوں کا قرض اسی طرح معاف کر دیں گے جیسے وہ (بی جے پی) ارب پتیوں کا قرض معاف کرتے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ہم صرف ایک بار کسانوں کا قرض معاف نہیں کریں گے۔ اس کے لیے ہم ایک کمیشن بنائیں گے، جسے کسان قرض معافی کمیشن کہا جائے گا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ کسانوں کو جب بھی قرض معافی کی ضرورت ہوگی، یہ کمیشن حکومت کو اس کی جانکاری دے گی اور ہم قرض معاف کریں گے۔ راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ایک بار، دو بار، تین بار، جتنی بار بھی کسانوں کو ضرورت ہوگی، ہم ان کا قرض معاف کریں گے۔ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’کسان ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اس کی حفاظت ہونی چاہیے۔‘‘

پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’پی ایم مودی کہتے ہیں کہ کسانوں کو قانونی ایم ایس پی نہیں دی جا سکتی ہے۔ لیکن الیکشن کے بعد 4 جون کو انڈیا اتحاد کی حکومت آئے گی اور ہم کسانوں کو پہلی بار گارنٹی کے ساتھ قانونی ایم ایس پی دیں گے۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران پنجاب میں نشہ خوری سے متعلق موجودہ حالات پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈرگز کا معاملہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ پنجاب کو اپنی پوری طاقت کے ساتھ ڈرگز کے خلاف لڑنا چاہیے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.