
رانچی: یوم تاسیس کے نام پر سال 2017 میں کروڑوں روپے کی ٹافیاں اور ٹی شرٹس کی تقسیم کی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں دائر مفاد عامہ کی عرضی کی جمعہ کو سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران حکومت کو گزشتہ تین ماہ میں اب تک کی گئی کارروائی کی مکمل اسٹیٹس رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ جھارکھنڈ کے 17 ویں یوم تاسیس پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ رگھوور داس کے دور میں ایک ہی دن میں 3.5 کروڑ روپے کی ٹی شرٹس اور 35 لاکھ روپے کی ٹافیاں تقسیم کی گئی تھیں۔ جس کے بعد آر ٹی آئی کارکن پنکج یادو نے یوم تاسیس کے نام پر رگھوور حکومت کی جانب سے ٹی شرٹس اور ٹافیوں کی تقسیم کے معاملے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک منصوبہ بند گھوٹالہ ہے اور اس کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے پی آئی ایل دائر کی تھی۔ اس درخواست کی سماعت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سنجے کمار مشرا کی سربراہی والی ڈویژن بنچ میں ہو رہی ہے۔
