International

غزہ میں جنگی جرائم بند کرو، جکارتہ میں ہزاروں شہریوں کا امریکی سفارتخانے پر احتجاج

133views

انڈونیشیا میں اتوار کے روز ایک بار پر بڑا عوامی احتجاج اور مظاہرے غزہ جنگ کے خلاف سامنے آئے ہیں۔ دارالحکومت جکارتہ میں ایک بڑا مظاہرہ اسرائیلی جنگ کے سب سے بڑے حامی اور اسرائیلی اتحادی امریکہ کے سفارت خانے کے سامنے کیا گیا۔ مظاہرین جنگ بندی اور جنگی جرائم بند کرو کے نعرے لگارہے تھے۔

جکارتہ کے علاوہ بھی پورے ملک میں جگہ جگہ عوام نے غزہ کے شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑے بڑے مظاہرے کیے ہیں۔ ان مظاہروں کی اپیل ملک کی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر دی تھی۔

ملک بھر میں جگہ جگہ جمع ہونے والے مظاہرین نے انڈوینشیا کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ امریکہ سے اپنا سفیر احتجاجاً واپس بلایاجائے کہ اس جنگ اور جنگی جرائم میں امریکہ اسرائیل کا پوری طرح ساتھ دے رہا ہے۔

واضح رہے امریکہ اور مغربی ممالک کی غیر معمولی مدد کے ساتھ غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک 19000 سے زیادہ فلسطیی شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ 19 لاکھ سے زیادہ بے گھر اور بے در ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوجی محاصرے کے باعث غزہ کے بے گھر شہری اب پانی اور خوراک تک سے محروم ہیں۔

اتوار کے روز غزہ کے فلسطینیوں اور فلسطین کے حق میں سڑکوں پر نکلنے والے عوام نے سیاہ اور سفید رنگ کے لباس زیب تن کر رکھےتھے اور بہت ساروں نے فلسطینی کفیہ بھی گلے میں حمائل کر رکھا تھا۔ یہ سب جنگ بند کرو، جنگی جرائم بند کرو، امریکی امداد سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو ، غزہ ہمیشہ رہے گا کے نعرے لگا رہے تھے۔

سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرار داد کو امریکہ کی طرف سے ویٹو کیے جانے کے بعد انڈونیشیا میں بڑا عوامی احتجاج سامنے آیا ہے۔

اسلامک ماس آرگنائزیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے کے رکن نذر حارث نے مظاہرین سے خطاب میں کہا ‘ فلسطین ہمارا جذبہ اور روح ہے۔ ہم فلسطین کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔

ایک مظاہرے کے دوران ایک گروپ نے فلسطینی بچوں کے علامتی لاشے اٹھا رکھے تھے اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے اور جگانے کی کوشش رہے تھے۔ یاد رہے فلسطینی شہیدوں میں بڑی تعداد فلسطینی بچوں اور عورتوں کی ہے جنہیں اسرائیل نے بمباری کر کے شہید کیا ہے۔

مظاہرین نے انڈونیشیا کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی قیادت کے خلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرے اور امریکہ سے اپنا سفیر احتجاجاً واپس بلائے۔

خواتین اتحاد کی سربراہ نور جنہ حلوان نے اپنے خطاب میں کہا ‘ ہر روز اسرائیل دنیا کو بے نیازی دیکھاتا ہے کہ اسے کسی کی پروا نہیں۔ میں پوچھتی ہوں دنیا والو! تمہاری غیرت کہاں ہے؟ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو گا انڈونیشیا اسی طرح قرضوں میں ڈوبا رہے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.