منی پور کو 6 وکٹوں سے ہرا کر خطاب اپنے نام کیا
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ: بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام وجے ہزارے ٹرافی (پلیٹ) کا فائنل مقابلہ منگل کو جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم کمپلیکس، رانچی میں کھیلا گیا، جس میں بہار نے منی پور کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔مقابلے میں ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے منی پور کی ٹیم 47.5 اوورز میں 169 رنز پر سمٹ گئی۔ منی پور کی جانب سے الین یائی کھوئی راکپم نے 61 رنز اور جوتن فیروزام نے 51 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن بہار کے گیند بازوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں لے کر اسکور کو محدود رکھا اور منی پور کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔بہار کی جانب سے شبیر خان نے انتہائی موثر گیند بازی کرتے ہوئے 8 اوورز میں 30 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ہیٹرک بھی شامل ہے۔ ہمانشو تیواری نے 3 وکٹیں لیں۔ بہار کے گیند باز منی پور پر قہر بن کر ٹوٹے اور ان کے 4 بلے بازوں کو صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔170 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری بہار کی شروعات متوازن رہی۔ منگل مہرور نے 32 رنز اور پیوش کمار سنگھ نے 21 رنز بنا کر ٹیم کو ٹھوس بنیاد فراہم کی۔ اس کے بعد آیوش لوہاروکا نے ذمہ دارانہ اور موثر اننگز کھیلتے ہوئے 72 گیندوں میں 75 رنز بنائے اور ہدف کو آسان بنا دیا۔کپتان ثاقب الغنی نے 13 رنز کا تعاون دیا، جبکہ آکاش راج 20 رنز اور بپن سوربھ 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے۔ بہار نے 31.2 اوورز میں 4 وکٹ کھو کر 170 رنز بنائے اور ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔اس موقع پر بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر جناب ہرش وردھن نے بہار ٹیم کو وجے ہزارے ٹرافی (پلیٹ) جیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ: “پورے ٹورنامنٹ کے دوران بہار کی ٹیم نے نظم و ضبط، توازن اور کھیل کے حالات کے مطابق مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کا نتیجہ فائنل میں اس بڑی جیت کی صورت میں سامنے آیا۔”صدر نے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ اسٹاف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جیت بہار کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک مثبت بنیاد فراہم کرے گی۔اس تاریخی جیت کے ساتھ بہار نے وجے ہزارے ٹرافی (پلیٹ) کے پورے سیزن میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔



