ایک ہی اننگ میں 15 چھکے اور 15 چوکے، پاش پاش کیے کئی عالمی ریکارڈس
نئی دہلی،6؍فروری(ایجنسی):14 سالہ ویبھو سوریاونشی نے انڈر-19 ورلڈ کپ کے فائنل میں ریکارڈز کی بوچھاڑ کر دی۔ زمبابوے کے ہرارے کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف ٹائٹل مقابلے میں بھارتی اوپنر نے محض 80 گیندوں پر 175 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ویبھو نے اپنی اس اننگز میں 15 چوکے اور 15 چھکے لگائے، جن کی بدولت بھارت نے 50 اوورز میں 411 رنز کا ہمالیہ جیسا اسکور کھڑا کیا۔آئیے جانتے ہیں کہ ویبھو نے انڈر-19 ورلڈ کپ فائنل کے کون کون سے ریکارڈز پاش پاش کیے۔
فائنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر :ویبھو انڈر-19 ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 175 رنز بنا کر بھارت کے ہی انمکت چند کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2012 میں آسٹریلیا کے خلاف ناقابل شکست 111 رنز بنائے تھے۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے بریٹ ولیمز ہیں، جنہوں نے 1988 میں پاکستان کے خلاف 108 رنز بنائے تھے۔صرف یہی نہیں، ویبھو کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ (انڈر-19 اور سینئر) کے فائنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کی ایلیسا ہیلی کے پاس تھا، جنہوں نے 2022 ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 170 رنز بنائے تھے۔
ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے
ویبھو انڈر-19 ورلڈ کپ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 15 چھکے لگائے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے مائیکل ہل کے پاس تھا، جنہوں نے 2008 میں نمیبیا کے خلاف 12 چھکے لگائے تھے، جبکہ کریگ سمنز نے 2002 میں کینیا کے خلاف 11 چھکے جڑے تھے۔
دوسری تیز ترین سنچری :ویبھو انڈر-19 ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی سنچری محض 55 گیندوں پر مکمل کی۔ آسٹریلیا کے ول ملائچک اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے اسی ورلڈ کپ میں جاپان کے خلاف صرف 51 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
ایک ورلڈ کپ میں 30 چھکے :انڈر-19 ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اب ویبھو سوریاونشی کے نام ہو گیا ہے۔ ویبھو نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 30 چھکے لگائے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ڈیوالڈ بریوس کے پاس تھا، جنہوں نے 2022 کے انڈر-19 ورلڈ کپ میں 18 چھکے لگائے تھے۔
انڈر-19 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اسکور
بھارت نے انگلینڈ کے خلاف فائنل میں 411 رنز بنائے، جو انڈر-19 ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل فائنل میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ 253 رنز تھا، جو آسٹریلیا نے 2024 میں بھارت کے خلاف بنایا تھا۔



