Saturday, January 24, 2026
ہومSportsانڈر۔19 عالمی کپ : نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ہندوستان کی...

انڈر۔19 عالمی کپ : نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ہندوستان کی جیت کی ہیٹ ٹرک

بلاوایو، 24 جنوری (یواین آئی) امبرِش (چار وکٹیں) اور ہیلِن پٹیل (تین وکٹیں) کی شاندار گیند بازی اور کپتان آیوش مہاترے (53) کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت ہندوستان کی ٹیم نے ہفتہ کے روز انڈر 19 ورلڈ کپ کے بارش سے متاثرہ 24ویں میچ میں ڈی ایل ایس ضابطے کے تحت 141 گیندیں باقی رہتے ہوئے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔بارش کے سبب37 اوورز تک کئے گئے متاثرہ میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 36.2 اوورز میں 135 رنز پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کو 130 رنز کا ترمیم شدہ ہدف ملا، جسے اس نے 13.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا کر حاصل کر لیا اور جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ مہاترے نے 27 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ ویبھو سوریہ ونشی نے 23 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جن میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ وہان ملہوترا 17 اور ویدانت تریویدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آج یہاں ہندوستانی انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے 22 رنز کے مجموعے پر اپنی پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ ہیوگو بوگ (4)، ٹام جونز (2)، آریان مان (5)، مارکو ولیم ایلپے (1) اور اسنیہتھ ریڈی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایسے نازک موقع پر جسکرن سندھو اور جیکب کوٹر نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 37 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ 20ویں اوور میں کنشک چوہان نے جسکرن سندھو (18) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ 69 کے اسکور پر محمد عنین نے جیکب کوٹر (23) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ سیلوِن سنجے (28) اور فلن مورے (1) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 37ویں اوور میں ہیلِن پٹیل نے میسن کلارک (4) کو بولڈ کر کے نیوزی لینڈ کی اننگز 135 رنز پر ختم کر دی۔ کیلم سیمسن 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ہندوستان کی جانب سے امبرِش نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیلِن پٹیل کو تین وکٹیں ملیں۔ کھلن پٹیل، محمد عنین اور کنشک چوہان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات